کرسمس کے موقع پر بازاروں میں رش،مسیحی برادری کا جوش و خروش عروج پر

  کرسمس کے موقع پر بازاروں میں رش،مسیحی برادری کا جوش و خروش عروج پر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(افضل افتخار) کرسمس کے قریب آتے ہی بازاروں کی رونق میں اضافہ، عیسائیوں نے مذہبی تہوار کو جوش وخروش سے منانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، خواتین و بچوں نے اس دن کی تیاری کیلئے نئے، ملبوسات اور تحفے وتحائف کی خریداری شروع کر دی ہے۔کوٹ مومن کے بازاروں میں بھی مسیحی براداری خرید اری میں مصروف ہیں۔ کوٹھا پند میں مسیحی برداری کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے دو روزہ کرسمس بازار لگایا ہے۔شہر بھر کے بازاروں میں کرسمس کیک، کینڈلز، چاکلیٹ سے بنی اشیاء اور دیگر سامان کے سٹالز لگ گئے۔ بچوں کیلئے اس دن کی مناسبت سے ”سانتا کلاز“ کے بہروپ کی ٹوپیاں اور ملبوسات کی نئی ورائٹی بھی دکانوں میں سج گئی۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان مذہبی تہواروں پر ہی خریداری کا رش ہوتا ہے ورنہ تو اس مہنگائی کے دور میں اب خریداری کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بابر مسیح،جاوید مسیح،ساجد مسیح اور شہزاد نے کہا کہ یہ ہمارا سب سے بڑا تہوار ہے جسے ہم بہت جوش و خروش سے مناتے ہیں اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اس دن کو بھرپور جوش و خروش سے منائیں ہم شاپنگ کررہے ہیں اور اپنے رشتہ داروں کو تحائف بھی دیں گے۔ شمائلہ، نائٹفہ،سروج اور حمیدہ،ساجد،عظمت اور پرویز نے کہا کہ دسمبر شروع ہوتے ہی ہم کرسمس کی تیاریوں میں مصروف ہوجاتے ہیں۔