سرکاری ملازمین کا ہر منگل کو دفاتر کے بائیکا ٹ کا اعلان

      سرکاری ملازمین کا ہر منگل کو دفاتر کے بائیکا ٹ کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(خبر نگار) صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین نے احتجاجی تحریک کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس میں ہر منگل کو سرکاری دفاتر کا مکمل بائیکاٹ اور سول سیکرٹریٹ کے گھیراؤ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایپکا کے مرکزی صدر حاجی محمد ارشاد چوہدری نے گزشتہ روز مرکزی و صوبائی عہدیداروں لالہ محمد اسلم، یونس بھٹی، ارشد باجوہ، فضل داد گجر، محبوب بھٹی، تنویر عباس اور چوہدری ابوہریرہ کے ہمراہ صحافیوں کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کے یوٹیلیٹی الاؤنس میں دوگنا اضافہ کر دیا ہے جبکہ صوبے کے دیگر ملازمین کو یوٹیلیٹی الاؤنس دینے سے صاف انکار کر دیا ہے اور صوبائی سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری اینڈ بی اے ڈی نے صاف انکار کر دیا ہے کہ خزانہ خالی ہے اور سرکاری ملازمین کو یوٹیلیٹی الاؤنس دینے کے لئے ایک پیسہ بھی نہیں ہے جس پر صوبے بھر کے سرکاری ملازمین میں شدید غم و غصے کی لہر پیدا ہو گئی ہے اور ملازم سے شدید اضطراب پایا جانے لگا ہے۔ اس موقع پر حاجی محمد ارشاد چوہدری نے کہا کہ ہر منگل کوصوبے بھر کے سرکاری دفاتر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور ملازمین احتجاجی ریلیاں نکال کر سول سیکرٹریٹ کا گھیراؤ کریں گے۔ ارشاد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں گزشتہ 11سال سے اضافہ نہیں کیا ہے اور سرکاری ملازمین کو سال 2008ء کی تنخواہوں کے مطابق ہاؤس رینٹ دیا جا رہا ہے جو کہ سراسر زیادتی اور نا انصافی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو نوٹس لیکر سرکاری ملازمین کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری دینا چاہئے وگرنہ وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔