جانوروں،پرندوں کی بیماریوں کی تشخیص کیلئے لیبارٹری نے کا م شروع کر دیا
لاہور(لیڈی رپورٹر) چڑیاگھر میں جانوروں اور پرندوں کی بیماریوں کی تشخیص کیلئے 50لاکھ روپے کی لاگت سے قائم لیبارٹری نے کام شروع کردیا ہے۔ پاکستان کے کسی بھی چڑیاگھر میں جانوروں اور پرندوں کے امراض کی تشخیص کیلئے قائم کی جانیوالی یہ پہلی لیبارٹری ہے۔ ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر حسن علی سکھیرا نے یہ بات ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا یہ لیبارٹری لاہور چڑیاگھر کے ویٹرنری ہسپتال کا حصہ ہے جس کاجلد افتتاح کردیاجائیگا۔حسن علی سکھیرانے کہا کہ تشخیصی لیبارٹری کے قیام سے چڑیاگھر میں موجود جانوروں اور پرندوں کے امراض کی بروقت تشخیص اور ا نہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔ لیبارٹری میں جانوروں اور پرندوں کے لعاب دہن، فضلہ اور خون کے نمونوں کو جانچنے کی سہولت موجود ہے۔ پہلے مرحلے میں لاہور چڑیاگھر میں موجود 100 مختلف جانوروں اور پرندوں کے خون کے نمونے لیکر ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر چڑیاگھر نے کہا کہ جدید اور عالمی معیار کی سہولیات کی حامل یہ لیبارٹری بہت جلد پاکستان میں جانوروں اور پرندوں کے تشخیصی مرکز کی حیثیت اختیارکی جائے گی۔ جانوروں اور پرندوں کے امراض کی تشخیص کی تفصیلات اور اعدادو شمار عالمی جرائد میں بھی شائع کرائے جائیں گے۔