کرسمس سے قبل مسیحی ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنا رہے ہیں،رضوان

  کرسمس سے قبل مسیحی ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنا رہے ہیں،رضوان

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان نے محکمہ کے مسیحی ملازمین کے ہمراہ کمیٹی روم میں کیک کاٹا جبکہ اس موقع پر سیکرٹری ماحولیات صائمہ سعید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر محمد رضوان نے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 25دسمبر سے قبل تمام سرکاری مسیحی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

تاکہ ملازمین کی خوشیوں کو دوبالا کیا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ بین المذاہب کی بہترین مثال ریاست مدینہ ہے، جہاں اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دیا گیا اور اب وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی ملک کا ڈھانچہ ریاست مدینہ کے مطابق ڈھالنے کیلئے کوشاں ہیں۔

،جس سے ملک میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد باہمی محبت اور ہم آہنگی سے ملکی تشخص کو مثبت انداز سے پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،جس سے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر فروغ پائے گا بلکہ اس سے ملک میں بھی امن کی فضا قائم ہوگی۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ باہمی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے اقلیتوں کو بھی اپنے بنیادی حقوق حاصل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1