میڈیکل کے طلبہ میں ہم نصابی سرگرمیوں کا بھرپو رٹیلنٹ ہے،الفرید ظفر

  میڈیکل کے طلبہ میں ہم نصابی سرگرمیوں کا بھرپو رٹیلنٹ ہے،الفرید ظفر

  



لاہور(جنرل رپورٹر)ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے مابین مقابلہ میں امیر الدین میڈیکل کالج کی سوسائٹی آف ریسرچ نے میدان مار لیا، 4روزہ کانفرنس میں بالخصوص جگر سے متعلق بیماریوں،اُن کے علاج اور حفاظتی تدابیر سے متعلق اظہار خیال کیا گیا۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے امیر الدین سوسائٹی آف ریسرچ کے سٹوڈنٹس کی جانب سے ینگ انویسٹیگیٹر ایوارڈ اور 50ہزار روپے کا انعام اور سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے اور پہلی پوزیشن لینے پر کالج کے ہونہارطالب علم اظہر حسین اور اُن کی ٹیم کو اپنی اور فیکلٹی ممبران کی جانب سے مبارکباد کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ایشیا پیسیفک ایسوسی ایشن فار سٹڈی آف لیور اور پاکستان سوسائٹی فار سٹڈی آف لیور ڈیزیز کی اجتماعی کانفرنس میں پاکستان بھر اور دیگر ممالک سے نامور ریسرچرز اور پروفیسر صاحبان نے شرکت کی۔پرنسپل کا کہنا تھا کہ میڈیکل کے نوجوانوں میں تعلیم کے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں کا بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے اور انہیں جس قدر مواقع ملیں ان کی صلاحیتوں میں اُسی قدر نکھار پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چند برسوں میں امیر الدین میڈیکل کالج نے تعلیم،تحقیق اور ہم نصابی سرگرمیوں میں جو مقام حاصل کیا اُس پر ہم سب کو فخر ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے میڈیکل کے طلبا و طالبات میں تحقیق کے حوالے سے اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ چلنے کیلئے ہمیں روز افزوں ہونے والی تبدیلیوں کو سامنے رکھنا ہوگا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ ریسرچ جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ ون کے پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب کی سربراہی میں کی گئی تھی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...