قوم کو بد عنوانی سے بچانے کے مشن کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں: جسٹس ریٹائر ڈ جاوید اقبال 

قوم کو بد عنوانی سے بچانے کے مشن کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں: جسٹس ریٹائر ڈ ...

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئر مین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو قوم کو بدعنوانی سے بچانے کیلئے اپنے مشن کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے،بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ نے آئین ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں بدعنوانی اور اقرباء پروری کو بڑی برائیاں قرار دیا، یہ حقیقت میں زہر ہے ہمیں اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان سے معصوم پاکستانیوں کی لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو دگنا کریں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کے افسر یا اہلکار کی جانب سے اثر و رسوخ کی بناء پر مقدمات کو بند کرنا ناممکن ہے کیونکہ نیب میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا گیا ہے جس میں دو انویسٹی گیشن افسران، لیگل کنسلٹنٹ اور مالیاتی ماہر شامل ہوتے ہیں جو کہ متعلقہ ایڈیشنل ڈائریکٹر سے مل کر ٹیم کے طور پر کام کرتے ہیں تاکہ شفافیت اور غیر متعصبانہ انداز میں انکوائری اور انویسٹی گیشن کو نمٹایا جا سکے۔علاوہ ازیں خبر نیوز ایجنسیآئی این پی کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی منظوری دے دی،ذرائع کے مطابق اکرم خان درانی کے وارنٹ گرفتاری وزارت ہاؤسنگ میں غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر جاری کئے گئے۔

چیئرمین نیب/اکرم درانی

مزید : صفحہ اول