ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف کی ملاقات

  ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف کی ملاقات

  



اسلام آباد(آئی این پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف ایڈمرل نکولئی اناطولی ؤیچ یومینوف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ملکوں کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں پرپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ انہیں روایتی انداز میں گارڈ آ ف آنر پیش کیا گیا، انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں سمندری سلامتی اور امن کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں انہیں بریفنگ دی گئی جس میں انہیں آرٹیکل 370 اور 35اے کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا گیا۔ معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ روسی بحریہ کے کمانڈر ان چیف کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی

مزید : صفحہ آخر