حکومت نے 15ماہ میں سب سے زیادہ قرضے اوریوٹرن لے کر نوجوانوں کو مایوس کیا: سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم ناکامیاں چھپانے اور ڈپریشن دور کرنے کے لیے زیادہ تر غیرملکی دوروں پر رہتے ہیں۔حکومت نے 15ماہ میں سب سے زیادہ قرضے اور یوٹرن لیے اور نوجوانوں کو مایوس کیا۔پی ٹی آئی کو لوگوں نے تبدیلی کے نام پر ووٹ دیا تھا مگر یہ حکومت اپنے پہلے چند ماہ میں ہی ناکام ہوگئی۔72سال سے اقتدار پر قابض قوتوں نے ملک کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے اور نظریے سے بے وفائی کا رویہ اپنائے رکھا۔پاکستان میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے۔قول و فعل میں تضاد اور ٹرمپ سے زیادہ جھوٹ بولنے والے تبدیلی نہیں لاسکتے۔قوم کے پاس اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں۔کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، بھارت کا قبرستان بنے گا۔کشمیر کی آزادی ہمارے لیے غیرت اور زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔22دسمبر کو لاکھوں لوگ ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں سٹوڈنٹس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایکسپو سے سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ حمزہ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی سا لمیت اور تحفظ سے کھیلنے اور پاکستان کو ایک ناکام ریاست بنانے کی سازش کرنے والی دشمن قوتیں اپنے مکروہ عزائم میں ناکام ہونگی۔اسلامی جمعیت طلبہ کی صورت میں لاکھوں نوجوان اپنے ملک کی عزت اور اس کے نظریے کی آبیاری اپنے خون سے کرنے کو تیار ہیں۔پاکستان کی حفاظت ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔جب تک جمعیت کے باہمت اور نظریہ اسلام پرمر مٹنے والے نوجوان موجود ہیں،پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔پاکستان انشاء اللہ قیامت تک قائم رہے گا۔
سراج الحق