کراچی،اکادمی ادبیات کے زیرا ہتمام نیا چمن کے عنوان پر مذاکرہ

      کراچی،اکادمی ادبیات کے زیرا ہتمام نیا چمن کے عنوان پر مذاکرہ

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) اکادمی ادبیا ت پاکستان کراچی کے زیراہتمام ”قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور نیا چمن کے عنوان سے مذاکرہ“کا انعقاد کیا گیا۔جس کی صدارت معروف افسانہ نگار شاعر عرفان علی عابدی، نے کی۔ اس موقع پر ؎ عرفان علی عابدی صدارتی خطاب میں کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ عالمی تاریخ کے ان عظیم رہنماؤں میں سے ہیں، جن کی ولولہ انگیز قیادت، بے مثال فراست، ان تھک جدوجہد اور خلوص و دیانت کا ایک دنیا اعتراف کرتی ہے۔جیسے جیسے وقت گزرتا جاتاہے، تاریخ اس حقیقت کی تصدیق کرتی جاتی ہے کہ وہ عالمی سطح کے عظیم رہنما تھے۔قائد اعظم ؒ نے برصغیر کی آزادی کے لیے اپنے پایہء استقامت میں لغزش پیدا نہ ہونے دی، سوئے ہوئے مسلمانوں کو جگایا، انہیں رہنمائی دی اور حقیقی منزل کا راستہ دکھایا، قائداعظم ؒ عظمت اور رفعت کا مینار تھے۔ انہوں نے مسلمانوں کو عروج بخشا، وہ بیماری کے باوجود ایک آزاد وطن کے لیے برسرپیکار رہے، وہ عالمِ اسلام کی عظیم ترین شخصیتوں میں سے تھے، مسلمانوں کے مسلمہ رہنما، عظیم لیڈر، ذہانت،فطانت، فراست، عزم و ہمت، اخلاص اور حب الوطنی میں بے مثال، بقول ڈاکٹر محمد سلیم انہوں نے پاکستان بنایا ہی نہیں بلکہ وہ خودپاکستان تھے، وہی ان کی رگوں میں دوڑتا پھرتا تھا، وہی انکا دل تھا اور وہی ان کا دماغ، انہوں نے تاریخ کے دھارے کا رخ تبدیل کردیا۔اکادمی ادبیات پاکستان کراچی کے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر قادربخش سومرو نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناحؒ کا شمار تاریخِ عالم کی عظیم ترین شخصیات میں ہوتاہے وہ عظیم مدبرَ تھے، ماہر قانون دان تھے، مثالی مصلح تھے اور ایک ایسے انسان کہ جن کی شخصیت کے پہلو ہر طرح سے ایک مثالیہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تحریک پاکستان کو کامیاب بنانے میں جن اکابرین اور عظیم شخصیت کا ذکر تاریخ میں ملتاہے۔ ان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کو نمایاں اور منفرد مقام حاصل ہے، قائداعظم محمدعلی جناحؒ قافلہء سالار تھے، ان کے بغیر تحریک آزادی کاہر باب نامکمل ہے، انہوں نے انگریزوں کے اتبداد کا جس طرح جرأ ت اور بے باکی سے مقابلہ کیا تاریخ اس پر رہتی دنیا تک ناز کرے گی۔ قائداعظم ؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کو اپنا نصب العین بنالیا اور جہد مسلسل سے غلامی اور محکومی کی زنجیر یں توڑ ڈالیں۔جبکہ آخر میں مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں شعراء نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کو خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں ریذیڈنٹ ڈائریکٹر اکادمی ادبیات کراچی قادر بخش سومرو نے سب کا شکریہ اداکیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...