روڈ چیکنگ مہم 23 دسمبر سے شروع کی جائے گی، مکیش کمار چاؤلہ

روڈ چیکنگ مہم 23 دسمبر سے شروع کی جائے گی، مکیش کمار چاؤلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے صوبے بھر میں ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے اور سلسلے میں ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے خلاف روڈ چیکنگ مہم پورے صوبے میں 23 دسمبر سے شروع کی جارہی ہے۔ اس بات کا فیصلہ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ عوام کی آگہی کے بڑے پیمانے پر تشہیری مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ وہ اپنے ٹیکسز بروقت جمع کروا سکیں اور روڈ چیکنگ مہم کے مہم کے دوران ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کو موقع پر ہی ضبط کر لیا جائے گا اور بقایاجات معہ جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی گاڑیاں حوالے کی جائیں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ گاڑی خریدنے کے فوراً بعد گاڑی اپنے نام منتقل کروائیں کیونکہ اوپن لیٹر پر گاڑی چلانا جرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر گاڑی کسی جرم میں استمعال ہوئی تو اس وقت جس کے نام پر ہوگی اسے ہی قانونی طور پر اصل مالک سمجھا جائے گا جبکہ عوام کی سہولت کے لئے ٹیکس جمع کروانے کے لئے نیشنل بنک اف پاکستان کی 15 برانچیں موجود ہیں اور ان برانچیں کی تفصیلات محکمہ کی ویب سائٹ اور اخبارات میں شائع کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ نیشنل بنک کی برانچیں عوامی مرکز، کلفٹن، سائیٹ ایریا، ناظم آباد، شہباز بلڈنگ حیدرآباد، ملت روڈ، کورنگی انڈسٹریل ایریا، ایم اے جناح، ڈینسو ہال، فاطمہ جناح روڈ حیدرآباد، ڈی ایچ اے، پی آئی ڈی سی، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشن اور ہائی کورٹ شامل ہیں علاوہ ازیں عوام کسی دشواری کی صورت میں ڈائریکٹر کراچی 99203671, ڈائریکٹر میرپور خاص 0233-9290211, ڈائریکٹر سکھر 071-9310202, ڈپٹ ڈائریکٹر ایڈمن کراچی 021-99201410, ڈائریکٹر حیدرآباد 022-9200148, ڈائریکٹر شہید بے نظیر آباد 0244-9370178 اور ڈائریکٹر لاڑکانہ 074-9410751 پر رابط کرسکتے ہیں۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے 23 دسمبر سے قبل اپنے ٹیکسز جمع کروا دیں۔