حکومت گیس قیمتوں میں اضافے سے باز رہے: حافظ نعیم الرحمن 

  حکومت گیس قیمتوں میں اضافے سے باز رہے: حافظ نعیم الرحمن 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مزید ظلم نہ کرے اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے۔ نئے سال کی آمد کے موقع پر عوام کے لیے ریلیف کا بندو بست کیا جائے نہ کہ مزید بوجھ ڈال دیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن پر بنائے جانے والی اقتصادی اور معاشی پالیسیوں اور اقدامات نے ابھی تک عوام کو ہر چیز کی قیمت میں اضافے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ موجودہ حکومت کے دو ر میں تیسری مرتبہ گیس کے نرخوں میں اضافے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور اوگرا نے اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے اور سمری بھی وفاقی حکومت کو بھجوادی ہے جس کا اعلان یکم جنوری 2020سے ہو گا اور اس کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے 214فیصد، تندور صارفین کے لیے 245فیصد،فرٹیلائزز سیکٹر کے لیے 153فیصد اور کمرشل و سی این جی سیکٹر کے لیے 31فیصد اضافے کا سلسلہ آئندہ سال شروع کردیا جائے گا۔وفاقی حکومت نے اگر اس اضافے کی اجازت دی تو یہ غریب عوام کے ساتھ بڑاظلم اور نا انصافی ہو گی اور حکومت کے ان تمام دعووں،وعدوں اور نعروں کی نفی ہو گی جو اس نے اقتدار میں آنے سے قبل کیے تھے اور آج بھی وزراء اور حکومتی ارکان اسمبلی و ذمہ داران معاشی حالات بہتر ہونے اور عوام کو بہت جلد ریلیف ملنے کی باتیں کرتے رہتے ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے اور حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ گرمیوں میں مہنگی بجلی،لوڈشیڈنگ اور اضافی بلوں کا عذاب جھیلنا پڑتا ہے اور سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی شکایات سامنے آتی ہیں اور اب گیس مہنگی کرکے نئی مشکل پیدا کی جارہی ہے۔ یعنی جس موسم میں جس چیز کی ضروت ہوتی ہے وہ مہنگی اور غائب ہو جاتی ہے،گیس جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اضافہ عوام کسی طرح بھی برداشت نہیں کر سکتے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرول اور بہت سی چیزوں کے بارے میں تو کہا جاتا ہے کہ ہم یہ ایکسپورٹ کرتے ہیں اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافے سے سب چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں لیکن گیس تو ہماری قومی پیداوار ہے۔ اس کی قیمتوں میں بار بار اضافے کی آخر کیا جوازپیش کیا جاسکتا ہے؟۔