قائداعظم سے اپنی عقیدت و محبت کو کمزور نہ کریں،سعدیہ راشد

  قائداعظم سے اپنی عقیدت و محبت کو کمزور نہ کریں،سعدیہ راشد

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٌہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ بانی ئ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے اپنی عقیدت و محبت کو کمزور نہ پڑنے دیجئے، یہ پاکستانی قوم کے اتحاد و یکجہتی اور جذبہئ حب الوطنی کو فروغ دیتی ہے۔ وہ 17 دسمبر2019 کو”اے قائد اعظم ترا احسان ہے احسان“ کے موضوع پر ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کی تقریب، جو”25 دسمبریوم قائد اعظم“ کو منانے کے لیے منعقد کی گئی، سے بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینتہ الحکمہ میں خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 73 سال پہلے پاکستان دنیا کے نقشے پر موجود نہیں تھا، بلکہ علامہ اقبال کا ایک خواب تھا جسے قائداعظم محمد علی جناح کی قابل، دوراندیش اور باکمال شخصیت نے سات سال کی مختصر مدت میں حقیقت کا روپ دے کر ہمیں ایک آزاد مملکت اور آزادی کی نعمت عطا کی۔ اس لیے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہتے ہیں: اے قائداعظم ترا احسان ہے احسان۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت میں ہمیں آزادی بڑی قربانیوں کے بعد ملی ہے۔ آزادی ایک غیرمعمولی نعمت ہے، آزادی کی قدر ان لوگوں سے پوچھیے جو دنیا میں آج بھی دربدری اور غریب الوطنی کا دکھ جھیل رہے ہیں۔ مثلاً برما، فلسطین، شام اور افغانستان سے ہجرت کرنے والے مسلمانوں سے پوچھیے کہ اپنا ملک کتنی بڑی نعمت ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے ضرور سنا ہوگا کہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے بہت سے علاقوں میں مسلمانوں پر زندگی اجیرن کر دی گئی ہے، ان پر طرح طرح کی ظم و زیادتی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذرا سوچیے کہ پاکستان کی وجہ سے ہم ان اذیتوں سے محفوظ ہیں، پاکستان نے ابھی تک ترقی و خوشحالی کی وہ منزل حاصل نہیں کی جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا، یہ بات تشویش ناک ضرور ہے تاہم مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ شہید پاکستان حکیم محمد سعید کو قوی امید تھی کہ پاکستان کے نونہال خوب پڑھنے لکھنے کے بعد جب اس ملک کی قیادت سنبھالیں گے تو یہ ملک خوب ترقی کرے گا۔ انہوں نے بچوں سے کہا لہٰذا نہیں اب توجہ کے ساتھ خوب پڑھ لکھ کر شہید حکیم محمد سعید کی امید پر پورا اترنا ہے اور قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کو پورا کرنا ہے۔ ہمدرد کے ڈائریکٹر پروگرامز اور پبلی کیشنز سلیم مغل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا قد برصغیر کے تمام سیاسی رہنماؤں سے زیادہ بلند تھا۔ ان کی زندگی کو ہمیں پڑھنا اور ان سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...