مردان میں بدھاثقافت کا سالانہ مذہبی تہوار منایا جائے گا: محمد عاطف خان

      مردان میں بدھاثقافت کا سالانہ مذہبی تہوار منایا جائے گا: محمد عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا کہ پاکستان مذہبی سیاحت کے حوالے سے دنیا میں اپنا ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ پاکستان میں ہڑپہ، ٹیکسلا، تخت بھائی، گندھارا تہذیب، ننکانہ صاحب، گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کے علاوہ دیگر اہم مذہبی مقامات موجود ہیں جن کی وجہ سے پاکستان دنیا میں مذہبی سیاحت کے حوالے سے ایک اہم مقام رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے کرتار پور راہداری سنگ بنیاد رکھنے کے بعد دنیا کو ایک مثبت پیغام پہنچا کہ پاکستان دنیا میں ثقافتی اور مذہبی سیاحت کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے اور پاکستان میں بسنے والے دیگر تمام مذاہب کے لوگوں کو ان کے مذہبی تہوار منانے اور اپنے مذہب کے طور طریقوں سے زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے دیگر مذاہب کے لوگوں کو پاکستان میں موجود ان کے مذہبی مقامات پر آنے کی دعوت دیتا ہے اور کرتارپور راہداری نے پوری دنیا کو ایک مثبت پیغام دیا کہ پاکستان ایک محفوظ اور پرامن ملک ہے۔ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے بین الاقوامی مالیاتی ادارہ برائے ورلڈ بینک کے وفد کے ساتھ ملا قات میں کیا۔ وفد کی سربراہی معظم میکن اور خرم بیگ نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں توصیف خالد پروجیکٹ ڈائریکٹر, حشمت علی کے علاوہ خیبر پختونخوا کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئے بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور مالی معاونت کی یقین دہانی دلائی اور کہا کہ مشہور بین الاقوامی سیاحتی جریدے کی رپورٹ کے بعد دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں اور دنیا بھر سے سیاح پاکستان آنے کے لیے خواہش مند ہیں۔ پاکستان قدرتی خوبصورتی سے مالامال ہے خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر پختونخوا میں نئے سیاحتی مقامات دریافت کریں گی۔ اس موقع پر سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے یہ بھی کہا کہ تخت بھائی میں بدھا تہذیب کا سالانہ مذہبی تہوار منایا جائے گا جس کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -