کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم، سری لنکا کے 3 وکٹوں پر 64 رنز، 127 رنز کا خسارہ باقی

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم، سری لنکا کے 3 وکٹوں پر 64 رنز، 127 رنز کا ...
کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل ختم، سری لنکا کے 3 وکٹوں پر 64 رنز، 127 رنز کا خسارہ باقی

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک سری لنکن ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا لئے ہیں اور اسے مزید 127 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، اینجلو میتھیوز اور لاستھ ایمبولڈینیا دوسرے روز ادھوری اننگز دوبارہ شروع کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے اور سری لنکا نے پاکستان کی پہلی اننگز کے 191 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا لئے ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے اوشاڈا فرنینڈو نے 4، ڈیموتھ کرونارتنے نے نے 25 اور کوشل مینڈس نے 13 رنز بنائے جبکہ اینجلو میتھیوز 8 اور لاستھ ایمبولڈینیا 3 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جو دوسرے روز ادھوری اننگز دوبارہ شروع کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 21 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 6 اوورز میں 18 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کی ہے۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہو گئی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 191 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم اور اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کریز پر قدم جمانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبورکر نے میں بھی ناکام رہے۔

شان مسعود اور عابد علی نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن شان مسعود اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف 5 رنز بنا کر فرنینڈ و کی گیند پر آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔تیسر ے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے کپتان اظہر علی نے بھی روش نہ بدلی اور بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہو گئے۔ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو سنچری سکور کرنے والے عابد علی بھی زیادہ دیر تک کریز پر قدم جمانے میں ناکام رہے اور 38 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ پاکستان کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم نے اچھی بیٹنگ کی تاہم 60 کے انفرادی سکور پر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز حارث سہیل آج بھی اپنا جادو جگانے میں ناکام رہے اور محض 9 رنز بنا کر ہی لاستھ ایمبولڈینیا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اسد شفیق نے آخری لمحات تک ایک اینڈ سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں اور بالآخر اسد شفیق بھی 185 کے مجموعی سکور پر آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 126 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 4 رنز بنائے جبکہ یاسر شاہ اور محمد عباس کوئی سکور نہ بنا سکے۔

سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 18 اوورز میں 49 رنز دئیے اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور لاستھ ایمبولڈینیا نے بھی 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ویشوا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، عابد علی، بابراعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

سری لنکن ٹیم کی قیادت ڈیموتھ کرونارتنے کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اوشاڈا فرنینڈو، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دنیش چندی مل، دھنانجیا دی سلوا، نیروشن ڈیکویلا، دلرووان پریرا، لاستھ ایمبولڈینیا، ویشوا فرنینڈو اور لاہیرو کمارا شامل ہیں۔

مزید : کھیل


loading...