”وزیراعظم اور آرمی چیف کی بات ہو گئی ہے“

”وزیراعظم اور آرمی چیف کی بات ہو گئی ہے“
”وزیراعظم اور آرمی چیف کی بات ہو گئی ہے“

  



راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم پاکستان عمران خان سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور اس دوران ہونے والے فیصلوں سے حکومت تھوڑے عرصے میں آگاہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان صرف ایک ادارہ نہیں خاندان ہے، ہم عوام کی افواج ہیں اور جذبہ ایمانی کے بعد عوام کی حمایت سے مضبوط ہیں ،ہم ملک کا دفاع بھی جانتے ہیں اور ادارے کی عزت اور وقار کا دفاع بھی بہت اچھی طرح جانتے ہیں لیکن ہمارے لئے ملک پہلے ہے اور ادارہ بعد میں ہے، اگر آج ملک کو ادارے کی قربانیوں، کارکردگی اور ہماری یکجہتی کی ضرورت ہے تو ہم دشمن کے ڈیزائن میں آ کر ان چیزوں کو خراب نہیں ہونے دیں گے اور انشاءاللہ ملک کی عزت اور وقار کیساتھ ساتھ ادارے کی عزت و وقار کا بھی بھرپور دفاع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب سے کچھ دیر پہلے آرمی چیف کی وزیراعظم پاکستان سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس فیصلے کے آنے کے بعد افواج پاکستان کے کیا جذبات ہیں، میں میڈیا دیکھ رہا ٰتھا، تبصرے دیکھ رہا تھا اس سے پتہ چلتا ہے کہ محب وطن پاکستانی جو سمجھتے ہیں کہ پاکستان کن خطرات سے دوچار ہیں، ان کے کیا جذبات ہیں، یہ سب دیکھتے ہوئے ہمیں اس کو آگے لے کر کیسے چلنا ہے؟ اس پر آرمی چیف اور وزیراعظم پاکستان کی بڑی تفصیل سے بات ہوئی ہے، فوج اور حکومت پچھلے چند سالوں سے مل کر ملک کو اس طرف لے جانا چاہتی ہے جہاں ہر قسم کے خطرات ناکام ہو جائیں اور ملک اس طرف جائے جہاں ہم جانا چاہتے ہیں اور انشاءاللہ ہم جائیں گے۔

آرمی چیف اور وزیراعظم کی آپس میں کیا بات چیت ہوئی اور اس میں کیا فیصلے ہوئے اس سے حکومت تھوڑے عرصے میں آگاہ کرے گی، میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ افواج پاکستان پر اپنا اعتماد رکھیں، ہم ملک میں کسی صورت انتشار نہیں پھیلنے دیں گے اور ایسا کرتے ہوئے اپنے ادارے کی عزت اور وقار کو ملک کی عزت اور وقار کیساتھ قائم رکھیں گے اور انشاءاللہ جتنے بھی دشمن ہیں، خواہ وہ اندرونی ہیں یا بیرونی ہیں، ان کے آلہ کار ہیںخ انہیں ہم بھرپور جواب دیں گے۔

مزید : اہم خبریں /قومی