سندھ اسمبلی اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع، پرویز مشرف کی صحت یابی کی دعا

سندھ اسمبلی اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع، پرویز مشرف کی صحت یابی کی دعا
سندھ اسمبلی اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع، پرویز مشرف کی صحت یابی کی دعا

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ڈیڑھ گھنٹہ کی تاخیر سے شروع ہوا ۔کارروائی کے آغاز میں سابق صدر پرویز مشرف کی صحت یابی ، ملک کی سالمیت و استحکام اور جی ڈی اے کی رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی کے بہنوئی کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی،متعدد توجہ دلائو نوٹس متعلقہ وزیر اورپارلیمانی سیکریٹری بلدیات نہ ہونے پر موخر کردیئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ  تاخیر سے شروع ہوا ،سندھ اسمبلی میں متعدد توجہ دلائو نوٹس متعلقہ وزیر اورپارلیمانی سیکریٹری بلدیات نہ ہونے پر موخر کردیئے گئے ۔ایم ایم اے  کے رکن سید عبدالرشید ایک سرکاری ہسپتال پر توجہ دلائو نوٹس پیش کرنا چاہتے تھے لیکن وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ  وزیر موجود نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی کے  رکن شاہ نواز جدون نے  اپنے  توجہ دلائو نوٹس پر کہا کہ مچھر کالونی سمیت حلقے میں عطائی ڈاکٹرز کے باعث محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹر پولیس کی نگرانی میں چل رہے ہیں۔ وزیر صحت نے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرات ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ایوان نے اپنی کارروائی کے دوران رکن اسمبلی ندا کھوڑو کی تحریک التوا جوکاروبار میں وسیع عدم توازن امپورٹ میں اضافہ اور ایکسپورٹ میں کمی  سے متعلق ہے اسے بحث کے لئے منظور کرلیا اورآئندہ ہفتے بحث کے لیے دو گھنٹے کا وقت مختص کردیا گیا۔بعدازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی