حکومت پنجاب کا ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویژنز کے تمام خاندانوں کو صحت کارڈ تقسیم کرنیکا فیصلہ 

حکومت پنجاب کا ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویژنز کے تمام خاندانوں کو صحت کارڈ ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)حکومت پنجاب نے موجودہ مالی سال میں صوبہ کے دوڈویژنزکے تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ دینے کافیصلہ کیاہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں پنجاب ہیلتھ انشی ایٹوز مینجمنٹ کمپنی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن سلوت سعید،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرآصف طفیل،خرم لودھی،سی ای اوپنجاب ہیلتھ انشی ایٹوزمینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق اور پنجاب سٹیٹ لائف انشورنس سے ریجنل چیف ڈاکٹرنورالحق اور مینجرخاورمجید خان نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کوریج اور صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندانوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔پنجاب ہیلتھ انشی ایٹوزمینجمنٹ کمپنی کے افسران نے صوبائی وزیر صحت کو یونیورسل ہیلتھ کوریج اورصحت سہولت کارڈ کادائرہ کاربڑھانے کیلئے ٹائم لائن سے منسلک اہداف کی تفصیلات پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں صحت سہولت کارڈ کے تحت تمام خاندانوں کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا باقاعدہ آغازکردیاگیاہے۔موجودہ مالی سال کے دوران ساہیوال اور ڈی جی خان ڈویژنزمیں تمام خاندانو ں کوصحت سہولت کارڈ تقسیم کردئیے جائیں گے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ دسمبر2021تک صحت سہولت کارڈ کادائرہ کارپنجاب کے باقی تمام ڈویژنزتک پھیلادیاجائے گا۔مرحلہ وارپنجاب کے 2کروڑ20لاکھ خاندانوں میں صحت سہولت کارڈ تقسیم کردئیے جائیں گے۔پہلے مرحلہ میں پنجاب کے 36اضلاع میں غربت کی لکیرسے نیچے رہنے والے خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ فراہم کئے گئے تھے۔ڈی جی خان ڈویژن کے اضلاع ڈی جی خان،راجن پور مظفرگڑھ اور لیہ اور ساہیوال ڈویژن کے اضلاع ساہیوال،پاکپتن اور اوکاڑہ میں تمام خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندان لاہورکے تیس سرکاری و نجی ہسپتالوں سے مفت علاج و ادویات کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔پنجاب بھرمیں صحت سہولت کارڈ کے حامل خاندانوں کی سہولت کیلئے اڑھائی سو سے زائدسرکاری ونجی ہسپتالوں کو اِم پینل کردیاگیاہے۔صحت سہولت کارڈ کے حامل افرادکیلئے لاہورکے تیس سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 6000بستروں کا اضافہ کیاگیاہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب میں 52لاکھ خاندانوں سے بڑھاکر85لاکھ خاندانوں تک صحت سہولت کارڈ کادائرہ کاربڑھایاجارہاہے

صحت کارڈ 

مزید :

صفحہ آخر -