بھارت سرجیکل سڑائیک کی تیار ی کر رہا ہے: شاہ محمود، ایل او سی پر انڈین آرمی کی اقوا م متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ مبصرین محفوظ رہے: ترجمان پاک فوج 

  بھارت سرجیکل سڑائیک کی تیار ی کر رہا ہے: شاہ محمود، ایل او سی پر انڈین آرمی ...

  

ابوظہبی  (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کے مذموم عزائم سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کی تیار ی کر رہا ہے۔ابوظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی سازشوں سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ہم پرامن ملک ہیں، تاہم ازلی دشمن بھارت نے کوئی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے خطرناک کھیل کھیلنا چاہتا ہے۔ پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دینے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔وزیر خارجہ نے اپنی پریس کانفرنس کے دورا ن مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال اور بھارت میں اقلیتوں سے امتیازی سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کی۔دوسری جانب مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کی بھارتی سازش کی قابل اعتماد معلومات موجود ہیں۔معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے کرتوت بے نقاب ہونے پر پریشان ہے، اس لئے اس کی مایوسی مضحکہ خیز سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ہم نے دنیا کو آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستان بھارت کے عزائم کو جانتا ہے۔مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک اس سے پہلے سے آگاہ تھے۔ دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ امن ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔ دنیا کو چاہیے کہ وہ بھارت کو خطے کو غیر مستحکم کرنے سے روکے۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔ تاہم پاکستان کو اشتعال دلایا گیا تو مسلح افواج جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)بھارتی فوج  نے ایک بارپھر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے قریب چری سیکٹر پر  بلااشتعال فائرنگ کی ہے،بھارتی فوج نے جان بوجھ کر یو این ملٹری آبزرورزکی گاڑیوں کو نشانہ بنایا،یو این فوجی مبصرین خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ڈی جی آئی ایس پی  آر کے مطابق یو این فوجی مبصرین چری کوٹ میں اشتعال انگیزیوں کے متاثرین سے ملنے جارہے تھے۔ یو این مبصرین کی گاڑیاں دور سے پہچانی جاسکتی تھیں۔گاڑیوں پر یو این لکھا دور سے دیکھا جاسکتا تھا۔گاڑیوں میں 2فوجی مبصرین بھی موجود تھے۔یو این فوجی مبصرین بھارتی فائرنگ سے خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔پاک فوج نے فوجی  مبصرین کو ریسکیو کرکے راولاکوٹ پہنچادیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی حرکت غیرقانونی، غیر اخلاقی اور آرمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بھارتی فوج ایل او سی پربیگناہ شہریوں کے بعدیو این امن اہلکاروں کو بھی نشانہ بنارہی ہے۔بھارتی فوج کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے یو این چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بھارتی فوج کی یہ انتہائی نیچی حرکت ہے۔پاک فوج نے ہمیشہ فوج مبصرین کومکمل احترام دیا ہے۔پاک فوج نے فوجی مبصرین کو دی گئی ذمہ داریوں میں کبھی خلل نہیں ڈالا۔۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نے کہا کہ بھارتی فوج نے صبح دس بجکر 45منٹ پر آزاد جموں و کشمیر کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کے عہدیدار پولاس گاؤں میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنے والے افراد سے ملاقات کیلئے جارہے تھے کہ نشانہ بنے۔واقعہ میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے لیکن عہدیدار محفوظ ہیں اور پاک فوج نے انہیں فوری طور راولاکوٹ منتقل کردیا۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج نے رواں برس اب تک 2 ہزار 999 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے نتیجے میں 27 اموات جبکہ 92 خواتین اور 68 بچوں سمیت 249 شہری شدید زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عمل کریں اور ایل او سی او ورکنگ باؤنڈری پر امن کو برقرار رکھیں۔پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ملیٹری مبصر گروپ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دیں۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کررہا ہے اور فوجی مہم جوئی کے لیے بیرونی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان کے پاس بھارتی منصوبے کی قابل اعتماد معلومات موجود ہیں تاہم پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور وہ ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

بھارتی فائرنگ

مزید :

صفحہ اول -