اینٹی کرپشن نے لیگی رہنما،سابق پارلیمانی سیکرٹری مدثر قیوم ناہرا کو گرفتار کر لیا 

  اینٹی کرپشن نے لیگی رہنما،سابق پارلیمانی سیکرٹری مدثر قیوم ناہرا کو ...

  

 نوشہرہ ورکاں، گوجرانوالہ،لاہور(نمائندہ خصوصی، بیورو رپورٹ،نیوز ایجنسیاں) محکمہ اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق پارلیمانی سیکریٹری فشریز مدثر قیوم ناہرا کو گرفتار کر لیا،مدثر قیوم ناہرہ، ان کے بھائی موجودہ رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرہ اور والد سلطان احمد ناہرہ کے خلاف ڈپٹی کمشنر گجرانوالہ نے اینٹی کرپشن کو پرچہ درج کرنے کا ریفرنس بھیجا تھا۔ ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس کے مطابق ملزمان نے غیر قانونی طور پر 267 کنال سے زائد سرکاری زمین پر پر قبضہ کر رکھا تھا۔ ریفرنس میں سلطان احمد ناہرہ، مدثر ناہرہ، اظہر قیوم ناہرہ، شہباز چٹھہ اور محکمہ مال کے افسران کے خلاف مقدمے کے اندراج کی استدعا کی گئی تھی۔ ریفرنس کے متن کے مطابق ملزمان نے حلقہ پٹواری کی ملی بھگت سے موضع متوکے بھونکے میں 267 کنال سے زائد سرکاری زمین پر عرصہ دراز سے قبضہ کر رکھا تھا۔ ملزمان سے سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی ہے۔ تاوان کی مد میں ملزمان سے 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد پینل رینٹ وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے گا۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ مرزا زمان نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ناہرا ہاوس پر چھاپہ مارا اور حاجی مدثر قیوم ناہرا کو گرفتار کر کے گوجرانوالہ لے گئے حاجی مدثر قیوم ناہرا کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد ناہرا ہاؤس پہنچ گئی جہاں چوہدری اظہر قیوم ناہرا ایم این اے نے کارکنوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پاکستان مسلم لیگ (ن) اور میاں محمد نواز شریف نے وابستگی غیر متزلزل ہے جسے دیکھ کر نااہل اور نالائق نیازی حکومت ہمارے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے نیب کے بعد اب ہم پر قبضہ کے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں مگر ہم قائد میاں محمد نواز شریف کے بیانیہ کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے اور نیب کے بعد ان جھوٹے مقدمات سے بھی باعزت بری ہونگے۔

مدثر قیوم ناہرا

مزید :

صفحہ اول -