پنجاب کابینہ نے سکولز، مدارس میں یکساں نصاف تعلیم کی منظوری دیدی، ایک قوم ایک نصاب، درخشاں پاکستان ہمارا خواب: فردوس عاشق

پنجاب کابینہ نے سکولز، مدارس میں یکساں نصاف تعلیم کی منظوری دیدی، ایک قوم ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے پنجاب کابینہ نے سکولز اور مدارس میں یکساں نصاب تعلیم کی منظوری دیدی ہے۔گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تعلیمی نصاب سے متعلق اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا ایک قوم اور ایک نصاب درخشاں پاکستا ن ہمارا خواب ہے۔ یہ وزیر اعظم کے ایک اور وعدے یکساں نظام تعلیم کی تکمیل ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا جماعت اول تا پنجم ایک ہی فریم ورک کے تحت نصابی سرگرمیاں مر تب پائیں گی۔ اب امیر اور غریب کے بچوں کیلئے تعلیمی نصاب ایک ہوگا، یہ نظام رٹہ سسٹم کے خاتمے اور طلبہ کی صلاحیتیں نکھارنے میں معاون ہوگا۔قبل ازیں ناصر سلمان وائس چیئرمین پنجاب وزیراعلی شکایت سیل نے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کی،اس موقع پر دونوں رہنماؤں کا کہنا تھاوزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت میں محکمانہ اصلاحات کیساتھ ترقیاتی کام،پنجاب میں ہیلتھ انشورنس کا آغاز اور کرپٹ عناصر کیخلاف اینٹی کرپشن کی تاریخی کامیابیاں جاری ہیں، میڈیا کے حوالے سے مزید بہتری کیلئے ڈی جی پی آر میں جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اپوزیشن مکس اچار پارٹی کا بیانیہ اور منفی تحریک اپنی موت آپ مر چکا ہے، وزیراعلی عثمان بزدار نئے ترقیاتی منصوبوں کیساتھ ادھورے پراجیکٹ بھی مکمل کررہے ہیں، کورونا وائرس کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران پنجاب حکومت کے اقدامات مثالی ہیں،بعدازاں فردوس عاشق اعوان نے گلوکار شوکت علی کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے دو لاکھ روپے کا امدادی چیک بھی گلوکار شوکت علی کو پیش کیا۔اس موقع پر فردوس عاشق اعوان کا گلوکار شوکت علی سے کہنا تھا انہیں یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ پنجاب حکومت صوبہ بھر میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کر رہی ہے مگر آپ کو علاج کیلئے کہیں اور جانا پڑا۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت آپ کے علاج کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی اور ذاتی حیثیت میں آپکی مالی معاونت بھی کرے گی۔ذرائع کا یہ بتانا ہے فردوس عاشق اعوان نے گلوکار شوکت علی کے بیٹے سے انکی سی وی بھی مانگی ہے تاکہ انہیں بھی کوئی روزگار کا ذریعہ فراہم کیا جا سکے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا شوکت علی کیلئے ایوارڈ کی نامزدگی کیلئے بھی حکومت کو سفارش کی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات پر شوکت علی جذباتی ہو گئے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے، جس پہ فردوس عاشق اعوان نے انہیں حوصلہ دیا۔

فردوس عاشق اعوان 

مزید :

صفحہ اول -