تبدیلی سرکار ہرمحاذ پر فلاپ، احتساب کا نعرہ ڈرامہ،لیاقت بلوچ

  تبدیلی سرکار ہرمحاذ پر فلاپ، احتساب کا نعرہ ڈرامہ،لیاقت بلوچ

  

 ملتان(سٹی رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ چینی آٹا مافیا کے بعد اب سیمنٹ مافیا عوام کی جیبو ں پر ڈاکہ ڈال رہا ہے۔حکومتی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے دیدہ دلیری کے ساتھ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔عمران خان سرکار نے احتساب کے بلند و بانگ دعوے کئے مگر عملا ً پانامہ لیکس کے 436ملزموں،150سے زائد میگا سکینڈلز،منی لانڈرنگ،قومی دولت لوٹ کر باہر منتقل کرنے والوں کے خلاف اب تک کوئی ایکشن نہیں ہوسکا۔احتساب اور تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت ہر محاذ پر(بقیہ نمبر48صفحہ6پر)

 ناکام ہے۔ناکام اور سیاسی و آئینی بحران پیدا کرنے والی حکومت کو اقتدار سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات قبل ازوقت کرائے گئے تو حکومت از خود اپنے جا ل میں پھنس جائے گی اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بھی قبل ازوقت کروانے پر مجبور ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے تقدس کو پہلے ہی پامال کردیا گیا ہے۔اب حکومتی اور ریاستی طاقت کے ساتھ سینیٹ کے انتخابات کا بھی حلیہ بگاڑا جارہا ہے۔آمرانہ عزائم ظاہر کررہے ہیں کہ ان سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کی توقع نہ رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر آنے والی حکومتیں خود ہی جمہوریت کا گلا کاٹتی ہیں۔کئی گروہوں والی حکومت ہوتو اس سے اسٹیبلشمنٹ زیادہ طاقتور ہوجاتی ہے۔دریں اثنا ملی یکجہتی کونسل کے دستور میں ترمیم کمیٹی کا اجلاس کی صدارت میں ہوا۔دستور میں مرکزی قائدین،مرکزی کونسل اور مرکزی مجلس عاملہ کے حوالہ سے ترامیم پر اتفاق کرلیاگیا۔حتمی تجاویز مجلس قائدین میں پیش کی جائیں گی۔اجلاس میں قراردادکے ذریعے کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں اپنی مذہبی،سیاسی،سماجی سرگرمیوں میں آزاد اور محفوظ ہیں۔تمام مذاہب کے متعلق اقلیتوں کی خوشیاں پورے پاکستان کی خوشیاں ہیں۔ہر پاکستانی نے متحد ہوکر پاکستان کی سلامتی اور ترقی کی جدوجہد کرنا ہے۔اجلاس کی طر ف سے مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشی کی مبارک باد دی گئی۔اجلاس میں خرم نواز گنڈا پور،عارف حسین واحدی،پیر صفدر گیلانی،مفتی گلزار نعیمی،علامہ ثاقب اکبر،سید ناصر شیرازی،زاہد محمود قاسمی،وحید شاہ اور حسن البنا نے شرکت کی۔

لیاقت بلوچ

مزید :

ملتان صفحہ آخر -