ایم اے ایم، ایس سی داخلے کی تاریخ میں توسیع، وائس چانسلرز کی متفقہ قرار داد منظور
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی زیر صدارت ہونیوالی خیبرپختونخوا کے وائس چانسلرز کی میٹنگ میں دو قرار دادیں منظور۔جن میں کہا گیا کہ ایم اے/ایم ایس سی میں داخلے کی تاریخ میں 2023تک توسیع کی جائے اوربی اے پرائیویٹ طلباء کیلئے ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس(ADA)کو پرائیوٹ طلباء کیلئے اجراء کیا جائے۔اس موقع پر سیکرٹری ایچ ای ڈی (HED)داؤد خان اور ایچ ای سی(HEC) کے نمائندے کنسلٹنٹ اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقارگیلانی اور ڈائریکٹر جنرل محمد رضا چوہان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر افتخاراحمد نے اس موقع پر کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا31دسمبر2020سے ایم اے/ایم ایس سی ڈگری پروگرام میں داخلے کو ختم کرناحکومت پاکستان کی تعلیم تک رسائی کی پالیسی اور یو این او (UNO) کے ایس ڈی جیز کے خلاف ہے اور مجھے ڈر ہے کہ اس فیصلے سے کچھ طلباء کا مستقبل متاثر ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بی اے اور ایم اے کو بند کرنے سے یونیورسٹیوں کے بجٹ پر بہت براا ثر پڑے گا۔ خاص طور پروہ یونیورسٹیاں جو پہلے سے ہی مالی خسار ے کا شکار ہیں ان کیلئے اس سے حالات اور خراب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے گومل یونیورسٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ گومل یونیورسٹی کی آمدن کا 25%اس سے متاثر ہوگااورکچھ یونیورسٹیوں کا تو اس سے بھی زیادہ ہوگا۔ اس بجٹ کو پورا کرنے کیلئے یونیورسٹیاں مجبوراً اپنی فیسیوں کو بڑھائیں گی۔ جس سے غریب طلباء پر اثر پڑے گااور ساتھ ساتھ جو لوگ خصوصاً طالبات جو کسی بھی وجہ سے یونیورسٹیوں یا کالجز میں نہیں جا سکتیں ان کے لئے تعلیم کے راستے بند ہو جائینگے۔ اس موقع پر سیکرٹری ایچ ای ڈی داؤد خان نے اس اہم میٹنگ کوسراہتے ہوئے یہ امید ظاہر کی کہ ایچ ای سی طلباء اور یونیورسٹیوں کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔نمائندہ ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقارگیلانی نے کہا کہ وائس چانسلرزنے جس اہم ترین مسئلہ کی طرف ایچ ای سی کی توجہ دلائی ہے میرے خیال میں ٹھیک ہے اورتاریخ میں توسیع ہونی چاہئے اور میں اس پر نظر ثانی کیلئے چیئر مین ایچ ای سی سے بات کرونگا۔آخر میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے اس اہم مسئلہ پر ایک ساتھ مل بیٹھنے پر صوبہ خیبرپختونخوا کے وائس چانسلرز، سیکرٹری ایچ ای ڈی داؤد خان اورنمائندے ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقارگیلانی اور محمد رضا چوہان کا میٹنگ میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا