ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں اعلیٰ معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، فضل حکیم 

ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں اعلیٰ معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، فضل حکیم 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت ڈیڈیک آفس سیدوشریف میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسیئن شہاب خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سوات ضلع کے ترقیاتی منصوبوں سمیت گورنمنٹ جہانزیب کالج اور بی ایس کالج سیدوشریف میں زیر تعمیر بلڈنگ کے کام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین ڈیڈیک کا کہنا تھا کہ مفاد عامہ کے سکیموں پر عوام کا پیسہ خرچ ہوتا ہے اس لئے ان کی تکمیل ہر لحاظ سے معیاری ہونی چاہئے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ ضلع سوات میں جاری ترقیاتی کاموں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو استعمال میں لائیں تاکہ ضلع سوات کے ہر قسم کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کو قومی جذبے کے تحت عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دینا چاہئے۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا اور ان کے لئے مشکلات کی بجائے آسانیاں پیدا کرنا سرکاری اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -