پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے تاخیر سے انعقاد کی تجویز مسترد

پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے تاخیر سے انعقاد کی تجویز مسترد
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے تاخیر سے انعقاد کی تجویز مسترد
سورس: Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن انعقاد میں تاخیر کی تجویز مسترد کرتے ہوئے فرنچائزز کو باور کرا دیاکہ اگر شیڈول ونڈو میں انعقاد نہ ہوا تو آئندہ سال وقت نکالنا مشکل ہو جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود فروری، مارچ میں ہی پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن منعقد ہو گا۔ ذرائع کے مطابق 2سے 3 فرنچائزز نے ایونٹ تاخیر سے شروع کرنے کی تجویز دی تھی جس پر بورڈ حکام نے انہیں اپنی مجبوریاں بتا دی ہیں کہ تاخیر ممکن نہیں ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول ونڈو میں اگر ایونٹ نہیں کرایا تو پھر 2021ءمیں انعقاد نہیں ہو سکے گا، پورے سال میں اس کے سوا وقت دستیاب نہیں، کھلاڑیوں کی مصروفیات کے ساتھ3 سالہ رائٹس سرکل کی وجہ سے بھی پی ایس ایل کرانا ضروری ہے، بورڈ نے فرنچائزز کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کر دیا۔ 

دوسری جانب چھٹے ایڈیشن کیلئے باقاعدہ ورکنگ کا آغاز ہفتے سے ہو رہا ہے، پہلے مرحلے میں مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں ترقی اور تنزلی کے حوالے سے فیصلے متوقع ہیں، اگلے10 روز میں ٹیموں میں کھلاڑیوں کی ری ٹینشن کا اعلان ہو گا۔ ٹیمیں چھٹے ایڈیشن کیلئے زیادہ سے زیادہ8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکیں گی، ڈرافٹنگ کی مجوزہ تاریخ 8 جنوری ہے جس کیلئے لاہوراورکراچی کے ساتھ ملتان ممکنہ وینیو ہوسکتے ہیں۔

مزید :

کھیل -