کورونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات کی روک تھام کے لئے انسٹاگرام کااہم اقدام
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)صارفین تک کورونا وائرس کے حوالے سے تصدیق شدہ معلومات پہنچانے کے لئے انسٹا گرام نے اہم قدم اٹھایا ہے،اب صارفین انسٹا گرام پر کورونا ویکسین کے حوالے سے صرف تصدیق شدہ معلومات ہی دیکھ سکیں گے۔
دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے وہیں غلط معلومات میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔جیو نیوز کے مطابق نئے فیچر کے تحت اب انسٹاگرام صارفین کی نیوز فیڈ پر ایک نوٹیفکیشن موجود ہو گا جس پر کلک کرتے ہی صارفین کو کورونا وائرس سے متعلق تمام تر تصدیق شدہ معلومات ملیں گی۔دوسرے فیچر کے تحت ایپ میں موجود کورونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والے تمام تر ہیش ٹیگز ہٹا دیے گئے ہیں۔اب اگر صارف انسٹاگرام کے سرچ بار پر ویکسین لکھیں گے تو وہ انہیں براہ راست تصدیق شدہ معلومات ہی فراہم کی جائے گی۔