عظمیٰ بخاری نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا پول کھولتے ہوئے ایسی بات کہہ دی کہ فردوس عاشق اعوان بھی سٹپٹا جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے بزدار حکومت اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو شدید تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جو شخص ایک یونین کونسل چلانے کا اہل نہیں تھا، اس کو پنجاب کے گیار کروڑ عوام کا وزیر اعلیٰ بنادیا گیا ، فردوس باجی چینی پر 400ارب کا ڈاکہ ، یہ ہے عثمان بزدار کی کارکردگی،ڈی جی اینٹی کرپشن جو خود نیب زدہ ہیں، ان کا عثمان بزدار جیسے شخص کے دباؤمیں آنا یہ ہے کارکردگی۔
معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس پر سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بنی گالہ کی ہدایات پر لیگی رہنماؤں کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کرنا اینٹی کرپشن کی ٹوٹل کارکردگی،پانچ بار وزیر اطلاعات بدلنا اور آپ کو مشیر اطلاعات بنانا یہ ہے عثمان بزدار کی کارکردگی،پرچی پر وزیر اور مشیر تعینات کرنا یہ ہے عثمان بزدار کی کارکردگی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اڑھائی سالوں سے سلیکٹڈ اور بزدار پلس شہبازشریف اور نوازشریف کے منصوبے پر اپنے ٹھپے لگارہے ہیں،نیازی صاحب تختیاں اور ٹھپے لگانے سے آپ قومی لیڈر نہیں بن سکتے،کرپشن کرپشن کا راگ الاپنے والوں نے کرپشن کی بھی دھجیاں اڑادیں ہیں،جس دن یہ جعلی حکومت ختم ہوئی کرپشن کے تاریخی کارنامے سامنے آئیں گے۔