کھوکھر پیلس کی دیواریں گرانے کا معاملہ ، مسلم لیگ ن بھی میدان میں آگئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کی رہائش گاہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کے شیروں کو اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کی جوہر ٹاؤن میں رہائش گاہ "کھوکھر پیلس "کی بیرونی دیواریں گرانے کے لئے ایل ڈی اے اور پولیس کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو غیرسیاسی بنانے والوں کی اصلیت قوم نے دیکھ لی، پولیس سمیت سرکاری محکموں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا فسطائی آمرانہ ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے،عمران صاحب سیاسی انتقام میں پاگل ہوچکے ہیں لیکن آپ کا جعلی اقتدار ایسے نہیں بچ سکتا۔
انہوں نےبنی گالہ میں اساتذہ سے بدسلوکی اور آنسوگیس شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ تعلیمی نظام کے ٹھیکیدار بنے ہوئے تھے، اب اساتذہ پر آنسو گیس پھینک رہے ہیں، شرم کریں، عمران صاحب تشدد، لاٹھی، آنسو گیس کے پیچھے چھپنے سے کام نہیں چلے گا، اساتذہ سمیت پوری قوم عمران صاحب آپ کا گھیراؤ کرے گی لیکن آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ پر ڈندے برسانے کے بجائے انہیں ان کا حق دیا جائے۔