سعودی اور کویتی وزرائے خارجہ اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے

سعودی اور کویتی وزرائے خارجہ اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ ...
سعودی اور کویتی وزرائے خارجہ اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے

  

 اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان  اور  کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح  وفودکے ہمراہ   اسلامی تعاون تنظیم(اوآئی سی)کےوزرائےخارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔

نجی  ٹی وی کے مطابق  سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود18رکنی وفد کے ہمراہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔ائیرپورٹ پر وزیر ریلوے اعظم خان سواتی، نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہرمحمود اشرفی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر سعودی سفیر نواف سعید المالکی  سمیت  سعودی سفارتخانے اور دفتر خارجہ کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔اس  سے  قبل  کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح وفد کے ہمراہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لئے  اسلام آباد پہنچ گئے۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور علامہ طاہر محمود اشرفی نے وفد کا استقبال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کویت کے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان برادر اسلامی ملک ہے جو اس وقت مشکل بحران میں ہے،اسلامی تعاون کی تنظیم افغانستان کی مدد کیلئے آواز اٹھائے گی اور اس مشکل گھڑی میں ان کی مدد کیلئے اقدامات کرے گی، افغانستان پاکستان کا پڑوسی ملک ہے اور پاکستان کی طرف سے اپنے افغان بھائیوں کو فراہم کی جانے والی مدد قابل تعریف ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ او آئی سی کے وزراء خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے اور یہ اجلاس برادر اسلامی ملک کیلئے بلایا گیا ہے، پاکستان افغانستان کی تعمیر و ترقی کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کا غیر معمولی اجلاس مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کا مظہر ہے، وزیراعظم عمران خان اپنے کلیدی خطاب میں افغانستان کی امن و ترقی کیلئے اہم پیغام دیں گے۔

مزید :

قومی -