خیبر پختونخوا  کے 17 اضلاع میں  آج بلدیاتی انتخابات،  کتنے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ؟

خیبر پختونخوا  کے 17 اضلاع میں  آج بلدیاتی انتخابات،  کتنے امیدوار بلا ...
خیبر پختونخوا  کے 17 اضلاع میں  آج بلدیاتی انتخابات،  کتنے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ؟

  

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخوا  کے 17 اضلاع  کی 66 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات کا میلہ  آج  سجے گا جس کیلئے  تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

سترہ اضلاع میں مجموعی طور پر 19 ہزار 285 امیدوار ولیج اور نیبر ہڈ کونسل کیلئے میدان میں ہیں۔ خواتین امیدواروں کی تعداد  تین ہزار 870، مزدور اور کسان سات ہزار 428، یوتھ چھ ہزار 11 اور اقلیتی نشستوں پر 293 امیدوار پنجہ آزمائی کریں گے۔

خیبر پختونخوا کے  بلدیاتی انتخابات میں دو ہزار 32 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ امیدوار خواتین نشستوں پر کامیاب ہوئے جن کی تعداد  876 ہے۔ یوتھ نشستوں پر 500،کسان نشستوں پر 285، جنرل نشستوں پر 217 اور اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب قرار پا چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے جن 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے  وہاں مجموعی طور پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار سے زیادہ  ہے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 70 لاکھ 15 ہزار 767 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد  56 لاکھ 53 ہزار 95  ہے۔

 پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوگا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے نو ہزار 223 پولنگ سٹیشنز اور  28 ہزار 892 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔  چار ہزار 188 پولنگ سٹیشنز کو  حساس جب کہ  دو ہزار 507  کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے 77 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔ صرف پشاور میں 11 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

مزید :

قومی -