کے پی بلدیاتی الیکشن،10تحصیل کونسل کے نتائج مکمل، پی ٹی آئی کی 4 لیکن جے یو آئی نے کتنی نشستوں پر کامیابی حاصل کی؟
بونیر(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کےنتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 10 تحصیل کونسل کے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوئے ہیں،جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےچار، جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف)نے تین، آزاد امیدوار وں نے دو جبکہ عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) نے ایک سیٹ جیتی ہے۔ خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے جن 17 اضلاع میں الیکشن ہوا ہے وہاں تحصیل کونسل کی نشستوں کی کل تعداد 64 ہے۔
تازہ ترین نتیجے کو اس خبر میں سب سے اوپر شامل کیا جاتا ہے تاکہ قارئین کیلئے آسانی رہے، خبر اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے
غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق بونیر کی تحصیل ڈگر سے پاکستان تحریک انصاف کے روزی خان آٹھ ہزار 547ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ جمعیت علما اسلام (ف) کے عارف اللہ چھ ہزار201ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔
ہنگو کی تحصیل ٹل سے جمیعت علما اسلام (ف) کے مفتی عمران احمد 14ہزار ایک ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے جاوید حسن آٹھ 400ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع پشاور کی تحصیل کونسل شاہ عالم میں جے یو آئی کے کلیم اللہ نے میدان مارلیا ۔ انہوں نے 20 ہزار ایک ووٹ لیے۔ یہاں جماعت اسلامی کے امیدوار سردار عالم سات ہزار 119 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع بنوں کی تحصیل وزیر میں چیئرمین کی نشست جے یو آئی نے جیتی ہے۔ جے یو آئی کے ملک مستو خان تین ہزار 211 ووٹ لے کر پہلے جب کہ آزاد امیدوار عرفان اللہ 731 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع بنوں میں تحصیل کونسل ککی سے تحریک انصاف نے میدان مارا ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار جنید الرشید چار ہزار 435 ووٹ لے کر پہلے جب کہ آزاد امیدوار پیر خان بادشاہ دو ہزار 690 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع بونیر کی تحصیل گدیزئی کی سیٹ سے تحریک انصاف کے امیدوار جیت گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار شیر عالم خان 10ہزار365 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔عوامی نیشنل پارٹی کے شاہ جہان چھ ہزار783ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
بونیر کی ہی تحصیل گاگرہ سے تحریک انصاف کے سید سالار جہان نو ہزار 344 ووٹ لے کر تحصیل کونسل کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں جب کہ جماعت اسلامی کے رشید احمد چار ہزار 975 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع ہنگو کی تحصیل ہنگو میں چیئرمین شپ کا تاج آزاد امیدوار کے سر سجا۔ یہاں آزاد امیدوار عامر غنی 13ہزار761ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ جمعیت علما اسلام (ف) کے امیدوار حافظ محمد قاسم 11ہزار44ووٹ لے سکے۔
ضلع بنوں کی تحصیل میریان میں بھی آزاد امیدوار نے میدان مارا ہے۔ تحصیل چیئرمین میریان کی نشست پر آزاد امیدوار پیر کمال شاہ 11 ہزار 885 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے شاہد خان چھ ہزار 370 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
صوابی کی تحصیل رزڑ میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے غلام حقانی 22 ہزار 743 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ان کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بلند اقبال ترکئی 13 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ بلند اقبال تحریک انصاف کے اہم رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کے قریبی عزیز ہیں۔ یہ تحصیل کونسل کی پہلی نشست تھی جس کا سب سے پہلے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آیا تھا۔