باپ اور چچا شادی کے منڈپ سے دلہن کو لے گئے اور قتل کر دیا، بھارت سے انتہائی افسوسناک خبر آگئی

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں باپ اور چچا نے شادی کے منڈپ سے گھسیٹتے ہوئے لیجا کر نوعمر لڑکی کو قتل کر ڈالا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست مہاراشٹر کے ضلع جالنا میں واقع پیرپمپل گاﺅں میں ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ 17سالہ مقتولہ چند ہفتے قبل اپنے آشنا کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی تھی، جو اس کا دور کا رشتہ دار ہی تھا۔
لڑکی کے باپ نے اس سے رابطہ کیا اور کہا کہ ”تم گھر واپس آ جاﺅ، ہم تم دونوں کی شادی کروا دیں گے۔“ لڑکی باپ کی بات مان کر واپس چلی آئی اور دونوں کی شادی کا دن طے ہو گیا۔ شادی کے روز دلہن اور دولہا منڈپ پر بیٹھے تھے جب دولہا کے گھر والوں نے جہیز کا مطالبہ کر دیا اور کہا کہ اگر لڑکی کا والد جہیز میں زرعی زمین کا حصہ بیٹی کو نہیں دیتا تو وہ اپنے بیٹے کی بارات خالی واپس لے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق لڑکی کے والدین نے لڑکے والوں کو سمجھانے کی کوشش کی مگر جب وہ کسی طور نہ مانے تو بے عزتی کے خوف سے لڑکی کا باپ اور چچا لڑکی کو منڈپ سے گھسیٹتے ہوئے قریب واقع ایک درخت کے پاس لے گئے اور وہاں تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسی درخت کے ساتھ رسی باندھ کر اسے پھندہ دے دیا۔
بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر گاﺅں کے لوگ اور رشتہ دار پاس موجود تھے مگر کسی نے بھی لڑکی کو بچانے کی کوشش نہ کی۔ شام تک لڑکی کی لاش درخت کے ساتھ لٹکی رہی اور پھر باپ اور چچا نے ثبوت مٹانے کے لے لاش اتار کر چتا جلا دی۔ اگلے دن گاﺅں کے کسی شخص نے پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس گاﺅں پہنچ گئی اور لڑکی کے باپ اور چچا کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔