بدقسمتی سے مری کے شہریوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، پرویز اشرف

    بدقسمتی سے مری کے شہریوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، پرویز اشرف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مری کے شہریوں کو ان کی تعمیر شدہ عمارت کو گرانے کا کہا جا رہا ہے، بدقسمتی سے مری کے شہریوں کو اتنا تنگ کیا جا رہا ہے کہ وہ سراپا احتجاج ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مری ایک منفرد حیثیت کا حامل ہے، جب عمارتیں زیر تعمیر تھیں تو یہ محکمہ جات کہاں تھے، متاثرین نے مجھے جو صورتِ حال بتائی وہ انتہائی تشویشناک ہے، سیاسی قائدین اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو سابق اراکین اسمبلی مری گئے ان پر بھی انتظامیہ نے ایف آئی آر کاٹی، اس صورتِ حال کو فوری طور پر سمجھنے کی کوشش کی جائے، جتنی بھی ایف آئی آرز کاٹی گئی ہیں ان کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مری کی انتظامیہ اس ساری صورتِ حال کی ذمے دار ہے، انتظامیہ کو اس مسئلے کا فوری طور پر حل نکالنا چاہیے تھا، یہاں کہا جا رہا ہے کہ جو لوگ پیسے دیتے ہیں ان کی عمارتوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ یہ مسئلہ کسی بھی وقت تشویشناک صورتِ حال اختیار کر سکتا ہے، میرا تعلق اسی خطے سے ہے اس لیے میری ذمے داری تھی کہ آپ سب تک بات پہنچائی جائے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ علاقے کے سیاسی قائدین کے خلاف ایف آئی آرز کی جائیں گی تو مسئلے کو حل کون کرے گا، اس مسئلے پر جن لوگوں نے رشوت لی ہے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

،  پرویز اشرف

مزید :

صفحہ آخر -