پیپلز پارٹی، (م) لیگ خاندان کانام، دونوں وصیت اور وراثت پر چلتے ہیں: نعیم الرحمن

  پیپلز پارٹی، (م) لیگ خاندان کانام، دونوں وصیت اور وراثت پر چلتے ہیں: نعیم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                     لاہور(آئی ا ین پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہاں جرنیلوں اور بیورکریسی کو سکھایا گیا ہے تم قوم کے حاکم ہو، اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں نے 90فیصد عوام کو غلام بنایا ہوا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے طلبہ حقوق کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جمعیت کی تنظیم کو عظیم الشان کنونشن منعقد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسلامی جمعیت طلبا نے ہمیشہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی ہے، اسلامی جمعیت طلبا تنظیم پاکستان کے قیام کے بعد ہی شروع ہوگئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا پورے برصغیر کو اس نظریے نے ایک کردیا تھا، اسلام ایک نظام کا نام ہے جس میں سب کے مساوی حقوق ہیں، انگریز سامراج میں جو بیوروکریٹ تیار ہوتا ہے اسکو سکھایا جاتا ہے کہ تم قوم کے خادم ہو۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لیکن جو بیوروکریٹ یہاں تیار کیا جاتا تھا، اس کو سکھایا جاتا تھا کہ تم یہاں کے حاکم ہو، عوام خادم ہیں، انگریز تو چلا گیا لیکن ان کا مائنڈ سیٹ وہی ہے،یہاں جرنیلوں کو سکھایا گیا ہے تم قوم کے حاکم ہو، بیورکریسی کو بھی یہی سکھایا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں نے 90فیصد عوام کو غلام بنایا ہوا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ان لوگوں نے اسی وجہ سے آپس میں رشتہ داریاں بھی کیں ہوئی ہیں، نوجوانوں کو اصل بات سمجھنی ہوگی بنیادی انسانی حقوق سے بڑھ کر ہم نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں، اس نظام کو چلانے والوں نے خود کو خدا سمجھ لیا ہے، ہم نظام کی تبدیلی کی تحریک چلاتے ہیں،  اسلامی جمعیت طلبا ایک جمہوری فورس ہے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ جمعیت کے ناظم اعلی کا انتخاب نہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ادارہ کھڑا کیا ہے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ خاندان کے لوگ سربراہ بنیں، پیپلز پارٹی کی پیدائش جنرل ایوب کی گود میں ہوئی ہے، یہ اتنے جمہوری ہیں کہ اکثریت کو نہیں مانا اور ملک کو توڑ دیا، ذولفقار علی بھٹو بہت بڑا کردار ہے اس ملک کو دو لخت کرنے میں، یہ اپنے آپ کو جمہوری کہتے ہیں، کبھی وراثت پر چلتے ہیں تو کبھی وصیت پر چلتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن بھی خاندان کا نام ہے، جو سب ان کے آگے پیچھے گھومتے ہیں، وہ کبھی صدر اور چئیرمین نہیں بن سکتے۔

 نعیم الرحمن

مزید :

صفحہ آخر -