پاک سعودیہ تعلقات باہمی اعتماد و احترام پر مبنی، علاقائی و عالمی امور پر یکساں موقف: ایاز صادق
اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا ہے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات باہمی اعتماد و احترام پر مبنی ہیں،پاکستان کو سعودی عرب کیساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے، دونوں برادر ممالک اہم علاقائی و عالمی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان کا استقبال کیا بعدازاں ان سے ملاقات کی،جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا تمام ارکان پارلیمنٹ اور پاکستانی عوام حرمین الشر یفین اور سعودی عوام کیلئے دلوں میں احترام رکھتے ہیں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کیساتھ بڑے بھائیوں کی طرح کھڑا رہا ہے، دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دو سرے کا ساتھ دیا اور کہا پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات باہمی اعتماد و احترام پر مبنی ہیں، دونوں بردار ممالک مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ کے اٹوٹ رشتوں میں بند ھے ہوئے ہیں، پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دونوں ممالک اہم علاقائی و عالمی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں، چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان کی پارلیمان سعودی شوریٰ کو نسل کیساتھ مفاہمتی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی پارلیمان کے کردار کو سراہا اور کہا دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے،انہوں نے کہا مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں، اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے اور دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایازصادق
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے سعودی وفد کا دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا، برادرانہ تعلقات کو مشترکہ مفاد کے شعبوں میں توسیع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں معاونت کاری میں پیشرفت خوش آئند ہے، اقتصا دی اور سرمایہ کاری تعاون کو بڑھانے کے لئے مواقع سے استفادہ کرنا ہوگا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے ملاقات میں کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی وفدکو خوش آمدید کہتے ہوئے کہان کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ادارہ جاتی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں، دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا،احترام اور باہمی اعتماد کا جذبہ مضبوط دوستی کیلئے بنیاد فراہم کرتا ہے، ہمارے دو طرفہ تعلقات کثیر الجہتی نوعیت کے ہیں، ایوان بالا اور شوریٰ کونسل کے درمیان رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے،وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی،اس موقع پرسعودی وفد کے رہنما نے کہا مخلص دوست ملک پاکستان کا دورہ میرے لئے یہ خوشی کی بات ہے، شوریٰ کونسل کے ارکان سید یوسف رضا گیلانی کی شخصیت سے بہت متاثر ہوئے ہیں، اُمید ہے اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں سے دوستی مزید مستحکم ہوگی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔
چیئرمین سینیٹ