بوریوالا میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 4افراد جاں بحق
لاہور،بورے والا(کرائم رپورٹر،آئی این پی) لاہور میں سردی سے بچنے کیلئے چولہا جلانے والی ماں 2 بچوں سمیت جھلس گئی جبکہ بورے والا میں کمرے کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے 4افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقہ مانگا منڈی میں پیش آیا جہاں گھر میں آگ لگنے سے خاتون سمیت 2 بچے جھلس گئے۔ پولیس نے بتایا گھر کی بالائی منزل پر مقیم گھر والوں نے سردی کی شدت سے بچنے کیلئے کمرے میں چولہے پر آگ جلائی ہوئی تھی، اس دوران آگ نے بستر کواپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے کے وقت کمرے میں صرف دونوں بچے ہی موجود تھے جن کو آگ سے بچانے کی کوشش میں والدہ بھی جھلس گئی، متاثرہ افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بچوں کی حا لت خطرے باہر ہے تاہم خاتون کا جسم 20فیصد جھلس چکا ہے۔ادھر بورے والا میں کمرے کے اندر گیس سلنڈر پھٹنے سے 4افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے، ریسکیو 1122 نے بتایا گھر کے اندر کمرے میں سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 4افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جن میں دو معصوم بچے اور ان کے والد شامل ہیں جبکہ بچوں کی ماں کو تشویشناک حالت میں ملتان نشتر ہسپتال ریفر کیا گیاجو بعد ازاں جانبر نہ ہو سکی، یہ واقعہ فرید ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا جہاں دانش اپنی فیملی کیساتھ سو رہا تھا اور6ماہ کے بچے کیلئے دودھ گرم کرنے کی غرض سے کمرے میں سلنڈر کو چلایا گیا جو دھماکے سے پھٹ گیا اور کمرے میں آگ پھیل گئی جس کی زد میں آکر تین افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، بچو ں کی ماں ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بوریوالا میں سلنڈر پھٹنے سے کمسن بچوں اور میاں بیوی کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا، سو گوار خاندا ن سے اظہار ہمدردی کی، وزیر اعلی مریم نواز نے کمشنر ملتان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے صوبہ بھر میں ناقص سلنڈر پر پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔
سلنڈر دھماکہ