جنرل اسمبلی، عوامی حق خود ارادیت کے عالمی احساس سے متعلق پاکستان کی قرار داد متفقہ منظور

    جنرل اسمبلی، عوامی حق خود ارادیت کے عالمی احساس سے متعلق پاکستان کی قرار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        اسلام آباد/نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی احساس سے متعلق پاکستان کے زیر اہتمام فلیگ شپ قرارداد منظور کرلی، اتفاق رائے سے منظور کی گئی قرارداد کو دنیا بھر کے مختلف خطوں سے بڑی تعداد میں ممالک نے حمایت اور تعاون فراہم کیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق یہ قرارداد غیر ملکی قبضے، نوآبادیاتی تسلط اور محکومیت کے تحت رہنے والے تمام لوگوں کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کی توثیق کرتی ہے۔قرار داد میں اس بات پر زور دیا گیاہے کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کیلئے اس حق کا مکمل ادراک ضروری ہے۔ بیان کے مطابق چار دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے پاکستان نے یہ سالانہ قرار داد ان لوگوں کی جاری جدوجہد خاص طور پر جابرانہ قبضوں کے تحت زندگی گزارنے والوں کی طرف مبذول کرائی ہے جو حق خودارادیت سے محروم ہیں۔ یہ قرارداد بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین میں لوگوں کی حالت زار پر روشنی ڈالتی ہے جس سے حق خود ارادیت کے لئے ان کی جائز خواہشات کیلئے عالمی حمایت کو تقویت ملتی ہے۔اس قرارداد کی متفقہ منظوری اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی اجتماعی رائے کی عکاسی کرتی ہے اور خود ارادیت کے اصول کو مضبوط کرتی ہے، جیسا کہ عالمی قانون بشمول اقوام متحدہ کے چارٹر اور شہری و سیاسی حقوق کے عالمی معاہدوں اور اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق میں درج ہے۔ بیان کے مطابق یہ انصاف، امن اور مساوات کیلئے عالمی عزم کی بھی تصدیق کرتا ہے۔ان اصولوں کی توثیق کرتے ہوئے قرارداد دنیا بھر کے لوگوں کیلئے یکجہتی کا ایک مضبوط پیغام ہے جو غیر ملکی قبضے اور تسلط سے آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ قرارداد نہ صرف غیر ملکی مداخلت اور جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتی ہے بلکہ قبضے کے تحت لوگوں کے حقوق کے احترام کی اہمیت پر بھی زور دیتی ہے۔بیان میں کہا گیاکہ اس معاملے پر پاکستان کی ثابت قدم قیادت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ حق خودارادیت عالمی گفتگو کا ایک مرکزی ستون کے طور پر برقرار رہے جو دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کو امید فراہم کرتا ہے جو آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستانی قرارداد

مزید :

صفحہ اول -