سپیشل اکنامک زونز میں 150کے قریب اصلاحات لا رہے ہیں: عبدالعلیم خان
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی ہدایت پرملک بھر کے سپیشل اکنامک زونز کا سروے مکمل کر کے مزید اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سروے میں فضائی جائزے کے علاوہ ڈرون کوریج بھی شامل ہے، سپیشل اکنامک زونزکے حوالے سے اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان مراکز میں 150کے لگ بھگ مختلف اصلاحات لا رہے ہیں جبکہ سپیشل اکنامک زونزمیں ماحول دوست ”گرین پاکستان انویسٹمنٹ“کی طرز پر کام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی زون کو پورٹ قاسم سے منسلک کرنے سمیت وہاں خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ان سپیشل اکنامک زونزمیں چین سے صنعتوں کی منتقلی کے لئے خصوصی اقدامات برؤئے کا ر لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان صنعتی مراکز میں ون ونڈو سمیت تمام سہولیات اور ممکنہ سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بورڈ آف انویسٹمنٹ ان زونز پر وزیر اعظم کے لئے پریزنٹیشن بھی تیار کرے۔ چین کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی ان مراکز میں صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ گزشتہ 6ماہ کے اقدامات سے سپیشل اکنامک زونز میں ایک عرصے سے زیر التوا معاملات کو تیزی سے نمٹایا گیا ہے، عبدالعلیم خان نے حکام کو ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بیرون ملک سے سرمایہ کاروں سے مربوط اور بھرپور رابطے یقینی بنائے جائیں اور ان غیر ملکی سرمایہ کاروں کا "پرائیڈ آف پاکستان "کے نام سے گروپ بنایا جائے۔ انہوں نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ایک ہفتے میں اس کام کو مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
عبدالعلیم خان