دوران ڈیوٹی وفات پانے والے پولیس ملازمین کے ورثاء کیلئے ساڑھے تین کروڑ منظور
لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ذاتی کاوش پر وفاقی حکومت نے دوران سروس وفات پانے والے سینئر پولیس افسران کے اہلخانہ کو فنانشل گرانٹ کی فراہمی کیلئے این او سی جاری کر دیا ہے۔ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد پنجاب حکومت نے فنڈز جاری کر دئیے، گذشتہ کئی سالوں سے امدادی رقوم کے اجراء کا معاملہ التوا کا شکار تھا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ دوران سروس انتقال کرنے والے سینئر پولیس افسران کے اہلخانہ کیلئے امدادی پیکج منظور کیا گیا جس کے تحت 05 مرحوم سینئر پولیس افسران کے اہلخانہ کو پلاٹس کیلئے مجموعی طور پر ساڑھے تین کروڑ روپے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔وفات پانے والے سینئر افسران میں کامران یوسف ملک، ابرار حسین، محمد امتیاز محمود، رانا لطیف خان اور ڈاکٹر محمد عاطف اکرام شامل ہیں، ہر مرحوم پولیس افسر کے اہل خانہ کو 70 لاکھ روپے فی کس رقم دی جائے گی۔علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائیں، آر پی اوز، ڈی پی اوز ماتحت سٹاف کی بہترین ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ آئی جی نے سب انسپکٹر خالق حسین کی پروموشن کی درخواست، نائب قاصد فہیم عباس کے تبادلے کی درخواست، ریٹائرڈ کانسٹیبل ساجد بٹ کی درخواست،سات انسپکٹرز کی پروموشن درخواست، ٹریفک وارڈن ثاقب ندیم کی مالی امداد کی درخواست جبکہ انسپکٹر کریم نواز کی پروموشن کی درخواست پر ریلیف کی ہدایت کی۔