قبضہ مافیا کا فاریسٹ ملازمین، پولیس اہلکاروں پر حملہ، وحشیانہ تشدد
مظفرگڑھ، کوٹ ادو(بیورو رپورٹ، تحصیل رپورٹر)محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو قبضہ مافیا کیخلاف کاروائی مہنگی پڑگئی، عیسن والا میں درجنوں مسلح افراد نے جنگلات کے (بقیہ نمبر1صفحہ7پر)
پانچ اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بناکر بازو، کندھے اور پسلیوں کی ہڈیاں توڑ دی، سرکاری ٹریکٹر، پانچ موٹرسائیکل اور پولیس اہلکار کی وردی پھاڑ کر اسلحہ بھی چھین لیا، حملہ کرنیوالے افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا لیکن کوئی بھی ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔ تفصیلات کیمطابق مظفرگڑھ کے محکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکاروں نے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ناجائز قابضین کیخلاف آپریشن کرکے بیٹ عیسن والا میں 82ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے گئے تو درجنوں مسلح افراد نے محکمہ جنگلات اور پولیس اہلکاروں پر دھاوا بول دیا۔ اور قبضہ مافیا کے مسلح افراد نے محکمہ جنگلات کے پانچ اہلکاروں پر تشدد کرتے ہوئے انکے بازو، کندھے اور پسلیوں کی ہڈیاں توڑ کر انہیں شدید زخمی کردیا جبکہ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کیساتھ ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ایک پولیس اہلکار کی وردی پھاڑکر اس سے سرکاری رائفل بھی چھین لی گئی جبکہ درجنوں مسلح افراد نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں سے سرکاری ٹریکٹر اور پانچ موٹرسائیکل بھی چھین لیے جن کو پولیس کی بھاری نفری طلب کرکے برآمد کیا گیا۔ پولیس کیمطابق محکمہ جنگلات اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنیوالے افراد کیخلاف تھانہ محمود کوٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن کی گرفتاریوں کے لیے کوشش جاری ہے۔ جبکہ تاہم کسی بھی ملزم کو تاحال گرفتار نہ کیا جاسکا ہے۔