اے جی کمپلیکس میں" ڈے کیئر سینٹر'' کا افتتاح

Dec 19, 2024 | 11:13 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس مقبول احمد گوندل نے آج اے جی آفس کمپلیکس لاہور میں ''آسیہ شیرازی ڈے کیئر سینٹر'' کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس اہم اقدام کو خواتین ملازمین کی سہولت اور ان کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں مددگار قرار دیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ''اکاؤنٹنٹ آفس میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، اور ان کی محنت و لگن قابلِ تعریف ہے۔ ڈے کیئر سینٹر کا قیام خواتین کی زندگیوں میں آسانی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

 تقریب میں اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نغمانہ گل رخ فرید بھی موجود تھیں، جنہوں نے اس اقدام کو خواتین ملازمین کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل اکاؤنٹنٹ جنرل پے رول فائقہ خورشید اور اسسٹنٹ اکاؤنٹنٹ جنرل ایڈمن جواد حسن رانجھا نے بھی شرکت کی اور اس اقدام کی بھرپور حمایت کی۔
 افتتاحی تقریب کے دوران شرکاء نے ڈے کیئر سنٹر کے قیام کو ایک مثبت پیشرفت قرار دیا، جو خواتین کو ان کی پیشہ ورانہ اور ذاتی ذمہ داریوں کے درمیان توازن پیدا کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔یہ اقدام نہ صرف ادارے کی ترقی میں خواتین کے کردار کو تسلیم کرنے کا عکاس ہے بلکہ انہیں مزید مضبوط اور بااختیار بنانے کی جانب ایک عملی قدم بھی ہے۔

مزیدخبریں