ایم ڈی بیت المال کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

ایم ڈی بیت المال کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان بیت المال ملک سے غربت کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور تاجر برادری پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر پاکستان بیت المال کے مختلف فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کا حصہ لے تا کہ مشترکہ کوششوں سے غربت کو کم اور عوام کا معیار زندگی بہتر کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے ادارے میں شفافیت اور استعداد کار کو بہتر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای گورننس کو متعارف کرایا ہے تا کہ ضرورت مند لوگوں کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال مستحق افراد کی بہتری کیلئے گیارہ مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن سے بہت سے یتیم بچے، بیوہ خواتین، معزور افراد اور معاشرے کے غریب عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بیت المال نے خواتین کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کیلئے 168پیشہ وارانہ سکول قائم کئے ہیں جبکہ جو بچے مزدوری کر رہے تھے ان کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے 157قومی سنٹرز قائم کئے ہیں جبکہ ایسے 22مزید سنٹر قائم کئے جائیں گے جہاں بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال مشروط طور پر مستحق بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے تین سو روپے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کر رہا ہے اور 185,000بچے اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے سہارا بزرگ افراد کی کفالت کیلئے بیت المال نے لاہور میں ایک گریٹ ہوم قائم کیا ہے جبکہ اپریل 2014سے اسلام آباد میں بھی اس کا افتتاح کیا جائے گا جہاں 25بے سہارا مرد اور 25خواتین کو رہائشی سہولیتں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال روزانہ 14کروڑ روپے مستحق افراد میں تقسیم کرتا ہے جس سے معاشرے کیلئے اس کی خدمات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس مستحق افراد کو کاروبار میں لانے کیلئے فزیبلٹی سٹیڈیز تیار کرنے میں اپنی معاونت فراہم کرے جبکہ بیت المال ان کو کاروبار شروع کرنے کیلئے مالی امداد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا وہ عوام کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کی کوششوں میں بیت المال کے ساتھ تعاون کریں تا کہ مشترکہ کوششوں سے ملک سے غربت کم کی جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شعبان خالد نے پاکستان بیت المال کے مینجگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ کی ان کوششوں کو سراہا جو انہوں نے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کیلئے کی ہیں۔ انہوں نے کہا یہ بڑی حوصلہ افزاءبات ہے کہ حکومت نے نجی شعبے سے ایک نوجوان کو بیت المال کا سربراہ مقرر کیا ہے جو ادارے میں شفافیت اور جدت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا بیرسٹر عابد وحید شیخ نے بیت المال سے ہفتے کی چھٹی ختم کر کے ایک اچھا اقدام کیا ہے جس سے عوام کو سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال اب تین سے پانچ دنوں کے اندر میڈیکل علاج کا چیک متعلقہ ہسپتال کو بھیج دیتا ہے جس سے اس کی بہتر کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے اور حکومت کا نجی شعبے کی پیشہ وارانہ صلاحیت پر اعتماد کا مظہر ہے    انہوں نے کہا کہ بیت المال ملک سے غربت و تنگ دستی کو کم کرنے کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مالی طور پر مستحکم تمام افراد بیت المال کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کریں تا کہ یہ ادارہ مزید بہتر انداز میں فلاحی کاموں کو آگے بڑھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نے پہلے بھی بیت المال کو ویل چیئرز فراہم کیں تھیں اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چیمبر آئندہ بھی اس کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا تا کہ مل جل کر عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کیا جا سکے۔    ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب نائب صدر منور مغل نے اپنے خطاب میں حکومت کی کوششوںکو سراہا کہ وہ اب نجی شعبے سے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو سرکاری اداروں کا سربراہ مقرر کر رہی ہے ۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ حکومت کی ان کوششوں سے سرکاری اداروں سے کرپشن کم ہو گی اور کارکردگی بہتر ہو گی۔انہوں نے تاجر براری پر زور دیا کہ وہ بیت المال کے ساتھ بڑھ چڑھ کر تعاون کریں اور اس کے نیک کاموں کو آگے بڑھائیں۔

مزید :

کامرس -