ہنس راج ہنس نے دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنانے کیلئے کام کیا،رانا محمد ارشد

ہنس راج ہنس نے دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنانے کیلئے کام کیا،رانا محمد ارشد

 لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و ثقافت ارشدرانا نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک سے آنیوالے گلوکار ہنس راج ہنس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنانے کیلئے بہت کام کیا ہے اور ان کا یہ کام اب بھی جاری ہے۔ ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ارشد رانا عجائب گھر لاہور میں گلوکار ہنس راج ہنس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے ہمراہ مشرقی پنجاب سے آئے ہوئے ایم پی اے شرما ہمیش بھی موجود تھے۔ ارشد رانا نے کہا کہ گزشتہ برس خادم اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف مشرقی پنجاب گئے اور وہاں انہوں نے کبڈی کا میچ دیکھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کلچر کے حوالے سے اس کوشش کو پورے مشرقی پنجاب میں بہت سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں مذاکرات کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان محبتوں کو فروغ دینا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلوکار ہنس راج ہنس نے کہا کہ میں گزشتہ 20 برس سے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی رشتے مضبوط بنانے کیلئے کام کر رہا ہوں۔ پاکستان اور ہم دونوں دوستی کے رشتوں کو مضبوط بنا کر ترقی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بابا گورو نانک نے بھی پوری دنیا میں انسانیت کی بہتری اور ایک دوسرے کے درمیان پیار کا درس دیا۔ ہنس راج ہنس نے کہا کہ مجھے سیاست کی سمجھ نہیں آتی میں تصوف اور میوزک کی زبان میں محبتیں تقسیم کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشرقی پنجاب کے ایم پی اے سردار ہمیش نے ہمارا امن مشن کا امن ہے۔ ہم نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ہمسایہ ملکوں سے بھی تعلقات کی بہتری اور تجارت چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بھی ہمیں مذاکرات کے ذریعے تعلقات کی بہتری کا یقین دلایا ہے۔

مزید : کلچر