باراک اوباما کا ڈنمارک کے وزیراعظم سےِ ہمدردی کااظہار

باراک اوباما کا ڈنمارک کے وزیراعظم سےِ ہمدردی کااظہار

  

 واشنگٹن (اے پی پی)امریکی صدر باراک اوباما نے کوپن ہیگن میں دہشت گردی کے واقعات پر ڈنمارک کے وزیراعظم سےِ ہمدردی کااظہارکیاہے ۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈینش وزیراعظم سے مسلح حملوں میں ہلاک ہونے والوں پر تعزیت کی اور اپنی حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔اس موقع پر اوباما نے ہیلے تھورننگ شمٹ سے امریکی عوام کی جانب سے بھی ڈینش عوام کے لئے ہمدردی کا اظہار کیا۔ دونوں لیڈروں نے مذہبی آزادی کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف مشترکہ طور پر کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔واضح رہے کہ کوپن ہیگن میں کچھ روز قبل ایک 22 سالہ مسلح شخص نے فائرنگ کر کے2 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ دریں اثناء گزشتہ ویک اینڈ پرہلاک ہونے والے دو افراد کی یادمیں ڈنمارک کے دارالحکومت میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ پولیس حکام کے مطابق تقریباً 30 ہزار لوگ اِس تقریب میں موجود تھے۔ ریلی کوپن ہیگن کے اْس کلچرل سینٹر کے قریب سے شروع کی گئی، جہاں پہلے حملے میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی تھی۔ ریلی کے شرکاء یخ بستہ رات میں آگ جلا کر کھڑے رہے۔ کئی افراد مشعلیں تھامے ہوئے تھے۔ اِس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈنمارک کی خاتون وزیراعطم ہیلے تھورننگ شمٹ نے کہا کہ وہ ڈنمارک کے یہودیوں پر واضح کر دینا چاہتی ہیں کہ وہ اکیلے نہیں ہیں اور کسی بھی ڈینش یہودی پر حملہ ڈنمارک اور ساری عوام پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

مزید :

عالمی منظر -