آزادی میں کشمیریوں کی عزت نفس کارازمضمر:نیشنل فرنٹ

آزادی میں کشمیریوں کی عزت نفس کارازمضمر:نیشنل فرنٹ

  

سری نگر(کے پی آئی)نیشنل فرنٹ نے کہا ہے کہ حصول آزادی میں ہی کشمیریوں کی عزت نفس کا راز مضمر ہے۔ شہدائے ہائیگام کی برسیوں کے سلسلہ میں پارٹی صدردفتر پر ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت نعیم احمد خان نے انجام دی۔مقررین نے کہا کہ بھارت سے آزادی کا کوئی نعم البدل نہیں ہے اس لئے مکمل آزادی کے حصول کی خاطر مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا کیونکہ حصول آزادی میں ہی کشمیری عوام کی عزت نفس کا راز مضمر ہے۔نیشنل فرنٹ نے سانحہ ہائیگام میں شہید ہوئے لوگوں کو یاد کرنے کیلئے ایک اجلاس کا اہتمام کیا جس میں مفصل طور پر ان قربانیوں کا ذکر ہوا جو آج تک کشمیری عوام نے پیش کی ہیں۔

اجلاس کے دوران نعیم احمد خان کے برادر اصغر شہیدگل محمد خان عرف پرنس خان کو بھی یاد کیا گیاجن کی برسی بھی سانحہ ہائیگام کے ساتھ جڑی ہے۔مقررین نے شہیدگل محمد خان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نعیم احمد خان کے اس عزم و استقلال کی تعریفیں کیں جس کا مظاہرہ وہ کرتے آرہے ہیں۔اس موقعہ پر شہید گل محمد خان ،شہیدغلام محمد بلہ شہدائے ہائیگام و جملہ شہیدوں کے حق میں قر آن خوانی اور خصوصی دعائیہ مجلس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اجلاس کے دوران نعیم خان نے موجودہ سیاسی صورتحال پر سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کوئی بھی مقصد جد و جہد کے بغیر حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے تاہم بھارت گذشتہ چھ دہائیوں کے زیادہ عرصہ سے کشمیری عوام پر جو مظالم کے پہاڑ توڑ تا آرہا ہے ان کی مثال تاریخ انسانیت کے اندر صرف چنگیزی دور میں ہی ملتی ہے۔نعیم احمد خان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے اپنی بے پناہ قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی اس بات کا عزم کر رکھا ہے کہ بھارت سے مکمل آزادی حاصل کرکے ہی دم لیں گے اور اس سلسلے میں ہر رکاوٹ کو انتہائی صبر و ثبات سے دو ر کیا جائے گا۔

مزید :

عالمی منظر -