بنگال ٹائیگرز کا افغانستان کو 105رنز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز

بنگال ٹائیگرز کا افغانستان کو 105رنز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز

  

 کینبرا ( نیٹ نیوز)ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 105 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ یہ عالمی مقابلوں کی تاریخ میں بنگال ٹائیگرز کی کسی بھی ٹیم کے خلاف بڑی کامیابی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی بنگال ٹائیگرز نے گزشتہ سال ایشیا کپ میں شکست کا بدلہ بھی چکا لیا۔ افغانستان کی ٹیم 267 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 43 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 162 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ افغانستان کا کوئی بھی بلے باز بنگال ٹائیگرز کو سنبھل کر نہ کھیل سکا، کپتان محمد نبی 44 اور سمیع اللہ شنواری 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فاتح ٹیم کی جانب سے مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے مشکل وقت میں میں 114 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی تھی۔ مشفق الرحیم نے 71 اور شکیب الحسن نے 63 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ مشفق الرحیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے میگا ایونٹ کے ساتویں میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بنگال ٹائیگرز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 267 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش کے ابتدائی چار بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے، انعام الحق 29، تمیم اقبال 19، سومیا سرکار 28 اور محموداللہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 119 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر افغانستان کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 114 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 233 تک پہنچا دیا، اسی دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ مشفق الرحیم 71 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ شکیب الحسن 63 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی حریف باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 267 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ صابر رحمان 3، کپتان مشرفی مرتضی 14، مومن الحق 3 اور تسکین احمد 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حامد حسن، شاہپور زدران، آفتاب عالم اور میرواعظ نے 2، 2 اور محمد نبی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 162 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ افغانستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 3 رنز پر اس کے ابتدائی تین بلے باز آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد افغانستان کے کھلاڑیوں نے دباؤ سے نکلنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم بنگال ٹائیگرز کے باؤلرز نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا اور حریف ٹیم کا کوئی بھی بلے باز بنگلہ دیشی باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ کپتان محمد نبی 44، سمیع اللہ شنواری 42، نوروز مینگل 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جاوید احمدی، افسر زیزئی اور اصغر ایک، ایک، نجیب اللہ زدران 17، میرواعظ 10، آفتاب عالم 14 اور حامد حسن صفر پر آؤٹ ہوئے۔ مشرفی مرتضی نے 3، شکیب الحسن نے 2 جبکہ روبیل حسین، تسکین احمد اور محموداللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -