پیرا میڈکس کا جناح ہسپتال میں مظاہرہ،آج سول سیکرٹریٹ کے باہر دھرناہو گا

پیرا میڈکس کا جناح ہسپتال میں مظاہرہ،آج سول سیکرٹریٹ کے باہر دھرناہو گا

  

لاہور (جنرل رپورٹر) پنجاب پیرا میڈیکس الائنس اینڈ ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن نے جناح ہسپتال میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا اور بعد ازاں احتجاجی ریلی بھی نکالی ۔ احتجاجی ریلی کی قیادت صوبائی چیئر مین ملک منیر احمد اور صدر ہیلتھ سپورٹ سٹاف میاں خالد محمود نے کی۔ احتجاجی ریلی میں حافظ دلاور حسین، عاشق غوث، قاری ارشاد الرحمن، ساجد عمر، شفیق الرحمن چوہدری، عاشق گجر اورشعیب انور چوہدری ضلعی آرگنائزر لاہور سمیت جناح ہسپتال کے ملازمین عمر زمان قریشی، محمد ادریس، محمد اختر، صدر ریاض بلوچ و دیگر نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء نے پنجاب حکومت اور بیورو کریسی پر شدید تنقید کی ۔اس موقع پر ملک منیر احمد اور میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، میاں شہباز شریف کے چار سال قبل کئے گئے وعدوں کے اوپر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہو سکاجس سے معلوم ہوتا ہے کہ پنجاب حکومت اور بیورو کریسی پیرا میڈیکس گریڈ 1تا17 اور ہیلتھ سپورٹنگ سٹاف کے مسائل حل کر نے میں سنجیدہ نہیں اور ہمارے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل نہیں کیا جا رہا اگر حکومت کا یہی رویہ رہا تو مجبوراً ہمیں ہسپتالوں میں اپنا کام بند کرنا پڑے گا۔ واضح کیا گیا کہ آج سول سیکرٹریٹ کے باہر لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں کے پیرا میڈیکس گریڈ 1تا17 اور ہیلتھ سپورٹنگ سٹاف احتجاجی دھرنا دیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -