مزدوروں کے تحفظ کیلئے اقدامات بروئے کارلارہے ہیں: راجہ اشفاق سرور
لاہور ( خبرنگار) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ کارخانوں ، بھٹہ خشت، سٹون گرائنڈنگ یونٹس کے علاوہ تجارتی و کمرشل ادارو ں میں بھی مزدوروں کا جانی تحفظ اور حادثات سے بچاؤ یقینی بنانے کے لئے پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کونسل تمام سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاور ت کے بعد موثر میکانزم اور قوانین کو حتمی شکل دے گی۔ کم از کم اجرت بورڈ میں آجر اوراجیر کے نئے اضافی اراکین کے انتخاب کے لئے ضلعی لیبر افسران ، محکمہ انڈسٹریز اور فنانس کے نمائندوں پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے ۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کونسل اور کم از کم اجرت بورڈ کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر صنعت چو ہدری محمد شفیق کے علاوہ سیکرٹری لیبرعشرت علی ، ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر ، ڈی جی لیبر ویلفیئر سلیم حسین ، محکمہ ماحولیات ، صنعت، فنانس ، لوکل گورنمنٹ ، ایم ڈی گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عطا الحق ، آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے نمائندوں اور محکمہ لیبر کے متعلقہ افسران اس موقع پر موجود تھے۔ پنجاب آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کونسل کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ کونسل نے ایڈوائزری باڈی کی حیثیت سے صنعتی یونٹس کا معائنہ کر کے حفاظتی تدابیر کا نفاذ یقینی بنانے کے لئے تمام محکموں سے تجاویز حاصل کر لی ہیں جنہیں محکمہ قانون کے غور و خوض کے بعد منظوری کے لئے پیش کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں اور مزدوروں کا صنعتی و کمرشل یونٹس میں جانی تحفظ اور حادثات سے بچاؤ ایک اہم معاملہ ہے جسے یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں جن میں سٹون گرائنڈنگ و دیگر صنعتی یونٹس میں ورکرز کے لئے حفاظتی تدابیر و لباس ، باقاعدگی سے طبی معائنہ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ لیبارٹریوں سے سلیکون ٹیسٹ کے علاوہ متاثرہ ورکرز کو کسی بھی بیماری کی صورت میں ازالے کی ادائیگی وغیرہ شامل ہیں۔ جبکہ صنعتی یونٹس کو آکوپیشنل سیفٹی کے حوالے سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا بھی لازمی قرار دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات اور قوانین کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے تمام درپیش معاملات میں موجود ابہام باہمی مشاورت سے دور کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ میں ریسکیو1122 کے اہم کردار سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا اور ہدایت کی کہ فائر فائٹنگ، فرسٹ ایڈاور کنسٹرکشن سیفٹی کے حوالے سے ٹریننگ کورسز کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے اگلے ماہ اسلامی ممالک کی تنظیم OIC اور ملائیشیا کے تعاون سے ٹریننگ کورس بھی سعید احمد اعوان سنٹر میں منعقد کیا جائے گا جبکہ کم از کم اجرت بورڈ میں آجر اوراجیر کے نئے نمائندوں کے انتخاب کے لئے ایک سب کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو ورکرز کی کیٹگری کا تعین کر کے اپنی سفارشات بورڈ کو پیش کرے گی۔