حکومت کی جانب سے واپڈا کی مرحلہ وار نج کاری کا باقاعدہ آغاز

حکومت کی جانب سے واپڈا کی مرحلہ وار نج کاری کا باقاعدہ آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور )کامرس رپورٹر( حکومت کی جانب سے واپڈا کی مرحلہ وار نج کاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔ بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نج کاری کے لئے ٹیکنیکل اور فنانشل پرپوزل طلب کر لیں گئیں ۔ دوسری جانب ملک بھر میں اس نج کاری کے خلاف ملازمین سراپا احتجاج بن گئے اور ملک بھر کی بجلی بند کرنے کی وارننگ دے دی ۔ انہوں نے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دفاتر کی تالہ بندی کرکے شدید احتجاجی مظاہرے کئے ۔ مظاہروں میں نج کاری کسی بھی صورت میں قبول نہ کرنے اور شدید احتجاج کا اعلان کیا گیا۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نج کاری کا تجربہ مکمل ناکام ہونے کے باوجود وفاقی حکومت نے ملک بھر میں بجلی سپلائی کرنے والی کمپنیوں )ڈسکوز ( کی مرحلہ وار نج کاری کا آغاز کر دیا ہے ۔ پہلے مرحلہ میں گیپکو کی نج کاری کے لئے نج کاری کمیشن نے 9 مارچ تک نجی کمپنیوں سے پرپوزل طلب کی ہیں ۔ گیپکو 6 اضلاع گوجرانوالہ ، حافظ آباد ، سیالکوٹ ، ناروال ، گجرات اور منڈی بہاؤ الدین کو بجلی سپلائی کرتی ہے ۔ گیپگو کے صارفین کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 69 ہزار ہے ۔ نج کاری سے قبل وزارت بجلی و پانی اور حکومت کی جانب سے ملازمین کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ ملازمین کو اعتماد میں لئے بغیر اور رضا مندی کے بغیر نج کاری شروع نہیں کی جائے گئی لیکن وزارت بجلی و پانی اور نج کاری کمیشن نے انتہائی عجلت میں نج کاری کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ ملازمین کے ملازمت سے فراغت سمیت دیگر کئی معاملات کے حوالے سے وسیع تحفظات ہیں ۔ ملک میں کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نج کاری کا تجربہ مکمل ناکام رہا ہے وزارت بجلی و پانی نے تا حال بنی کمپنی نے اربوں روپے وصول کرنے ہیں ۔وزارت بجلی و پانی کے ترجمان ظفر یاب نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ نج کاری کا عمل وزارت بجلی و پانی نے نہیں بلکہ نج کاری کمیشن کی جانب سے شروع کیا گیا ہے ۔ تاہم اس کے باوجود ہم ملازمین کے تمام تحفظات دور کریں گے ۔ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ناکام تجربہ کے باوجود مزید کمپنیوں کی نج کاری کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ حکومت کا ہے وزارت کا نہیں ہے ۔ صوبائی دارالحکومت میں ملازمین کی جانب سے لیسکو ہیڈ آفس سمیت تمام ڈویژن آفس ، ایس ای آفس کی تالا بندی کر دی گئی جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ مظاہرے واپڈا ہائیڈرو یونین کے زیر اہتمام کئے گئے ۔ ملازمین نے دفاتر کے باہر حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔ احتجاجی مظاہروں کے موقع پر ملازمین نے اعلان کیا کہ نج کاری روکے جانے تک ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔اگر نج کاری کا عمل فوری طور پر بند نہ کیا گیا تو ملک بھر میں بجلی کی بندش کر دی جائے گی ۔

مزید :

علاقائی -