پی پی انسانی حقوق ونگ کے وفد کازخمیوں کی عیادت کیلئے میو ہسپتال کا دورہ

پی پی انسانی حقوق ونگ کے وفد کازخمیوں کی عیادت کیلئے میو ہسپتال کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے وفد نے پولیس لائن قلعہ گجرسنگھ میں ہونیوالے بم دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کیلئے میو ہسپتال لاہور کا دورہ کیا وفد میں لاہور کے صدر نصیر احمد، عمر حیات تبسم، خاور محمود کھٹانہ، خالد بٹ ، نوین بخاری ، رانا گلزار احمد، شبانہ اظہر چوہدری ، یاسمین فاروق، عثمان الحق قریشی ، مسرت صدیقی ، اختر شاہ شامل تھے ، وفد نے زخمیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد آپریشن ضرب عضب سے شکست کھا کر بزدلوں کی طرح بچوں اور نہتے لوگوں پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں ، بم دھماکہ میں شہید ہونیوالے اور زخمی دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کے ہیرو ہیں اور ان شہیدوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور دہشت گردوں کو شکست فاش ہوگی ، دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کا عزم نہیں توڑ سکتے۔   ، دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم متحد ہوچکی ہے اور پاک فوج کے آپریشن ضرب کی مکمل حمایت کر رہی ہے ، پاک فوج نہتے شہریوں بچوں اور خواتین کی قربانیاں رنگ لار ہی ہیں ، شمالی وزیرستان کا علاقہ دہشت گردوں سے خالی ہورہا ہے۔   انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ابھی تک دہشت گردوں کیخلاف باضابطہ آپریشن شروع نہیں کیا ہے ، دہشت گردوں کے سرپرست شہر میں موجود ہیں ، پولیس نے کرایہ داروں کے متعلق جو کوائف اکٹھے کرنے کا کام شروع کیا تھا وہ بھی کرپشن اور لاپرواہی کی نظر ہو چکاہے، لاہور پولیس کے پاس ابھی تک کرایہ داروں کے کوائف اکٹھے نہ ہوسکے ہیں عوامی مقامات اور حسا س مقامات پر سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات نہیں ، پولیس لائن سے چند قدم کے فاصلے پر خود کش حملہ آور کا پہنچ جانا اور وہاں پر کافی دیر کھڑے رہنا پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، پنجاب پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، حکمرانوں نے تمام تر سیکورٹی ذاتی اور خاندان کے افراد کے لئے مختص کرکے عوام کو بے یارومدد گار چھوڑ دیا ہے ، خود کش حملہ کے زخمیوں نے بھی اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے اور دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔