خاتون ہراساں کئے جانے اور محبوس رکھنے پرتحفظ کیلئے عدالت پہنچ گئی
لاہور(نامہ نگار)پرائیویٹ پروڈکشن میں میک اپ آرٹسٹ کی ملازمت کرنے والی خاتون ہراساں کئے جانے اور محبوس رکھنے پرتحفظ کیلئے سیشن عدالت پہنچ گئی ، عدالت نے تھانہ جنوبی چھاونی پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج ارشد حسین کی عدالت میں رائیونڈ کی رہائشی میک اپ آرٹسٹ یاسمین نے آراے بازار میں واقع ایک پرائیویٹ پروڈکشن کے مالک ثاقب، طلحہ اور دیگر نامعلوم افراد کیخلاف اسے ہراساں کرنے، محبوس رکھنے اور تشدد کرنے کیخلاف اندراج مقدمے کی درخواست دی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سائلہ نے گھر کے حالات خراب ہونے پر مذکورہ پرائیویٹ پروڈکشن میں بطور میک اپ آرٹسٹ ملازمت کرلی جہاں ملازمت کے دوران اسے تنگ کیا جاتا رہا اور اسے گھر جانے سے بھی روک دیا گیاتاہم وہ وہاں سے بھاگ کر فرار ہوئی ہے ،اس حوالے سے تھانہ جنوبی چھاونی میں درخواست دی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے عدالت سے استدعا ہے کہ مذکورہ افراد کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے مذکورہ بالا حکم جاری کردیا ہے ۔